Today News
افغانستان سے مذاکرات، پاکستان کا چین کو انکار
اسلام آباد:
پاکستان نے چین سے کہا ہے کہ وہ طالبان حکومت کے ساتھ عدم رابطہ کی اپنی موجودہ پالیسی جاری رکھے گا کیونکہ کابل حکومت کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان سرزمین سے کام کرنے والے دیگر دہشت گرد گروپوں کی موجودگی پر اپنا موقف تبدیل کرنے میں ناکام ہے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلیے پاکستان نے اپنے قریبی اتحادی بیجنگ کی تازہ ترین سفارتی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
چین نے حال ہی میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کیلیے افغانستان کے لیے اپنے خصوصی ایلچی کو کابل اور اسلام آباد بھیج کر سفارتی کوششیں تیز کی ہیں۔
خصوصی ایلچی اس وقت افغانستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی کوشش میں مصروف ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ وانگ ژی نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
چین کو امید ہے کہ دونوں فریق صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور جلد از جلد براہ راست ملاقات اورجنگ بندی کر کے تنازعات اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔
بیجنگ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمت اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فعال کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
باخبر ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ پاکستان نے بحران کو کم کرنے کے لیے چین کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا کہ کابل کے ساتھ معمول کی سفارتی کوششوں کی واپسی زمینی تبدیلیوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے چین کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد طالبان حکومت کے حوالے سے اپنی موجودہ پالیسی اپنانے سے پہلے ہی تمام سفارتی راستے ختم کر چکا ہے۔
پاکستان نے دو طرفہ چینلز کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کے ذریعے ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت پر تحفظات کا اظہار کیا ۔
تاہم ذرائع نے بتایا کہ چینی ایلچی اور پاکستانی حکام کے درمیان ملاقاتوں کے نتیجے میں اسلام آباد اس نتیجے پر پہنچا کہ طالبان قیادت نے اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کی ۔
باخبرذرائع نے بتایا کہ طالبان حکام نے چینی سفیر کے سامنے اپنا دیرینہ مؤقف کو دہرایا کہ ٹی ٹی پی کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی ایشو ہے، افغان سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی تاہم پاکستانی حکام نے طالبان حکومت کے اس دعوے کو مسترد کر دیاجس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹس کو بھی بطور ثبوت شامل کیاگیا تھا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے حوالے سے اسلام آباد کے موقف کی تصدیق ہوتی ہے۔
ان حالات میں پاکستان نے چین کو آگاہ کیا کہ جب تک کابل اسلام آباد کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا، بامعنی سفارتی کوششوں کی بہت کم گنجائش ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے تصدیق کی کہ کچھ دوست ممالک کی جانب سے طالبان حکام کے ساتھ بات چیت کے مطالبات کے باوجود پاکستان افغانستان کے حوالے سے اپنی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھے گا۔
ان کا کہناتھا کہ جہاں تک افغانستان کی صورتحال کا تعلق ہے، صورت حال جوں کی توں ہے۔ ثالثی کی کوششوں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان اور اپنے مذاکرات کاروں پر زور دیا ہے کہ ہمیں افغانستان کی جانب سے قابل تصدیق یقین دہانی کی ضرورت ہے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی چونکہ یقین دہانیاں نہیں کرائی گئیں اس لیے افغانستان کے حوالے سے موجودہ پالیسی کو جاری رکھا جائیگا۔
اس بات کا امکان ہے کہ جب کہ پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے، عید کے دوران دشمنی میں عارضی وقفہ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
دریں اثنا ترجمان طاہراندرابی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور ان کی معاونت کرنے والے مراکز پرپاکستان کی جائز کارروائیوں کے بارے بھارتی موقف مضحکہ خیز ہے۔
افغانستان کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کیخلاف اہداف جائز ہیں،افغان سر زمین سے فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کر رہے ہیں، بھارت افغانستان سمیت خطے میں تخریبی کردار ادا کر رہا ہے۔
بھارت پاکستان کیخلاف دہشتگردی کرنے سے باز آ جائے، ہندوتوا کی انتہا پسندانہ سوچ کے زیر اثر بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کو منظم انداز میں انکے حقوق سے محروم کر رہا ہے، اسلاموفوبیا کو فروغ دے رہا ہے۔
بھارت اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے اور اس علاقے میں ریاستی دہشت گردی کا مرتکب رہا ہے۔
Today News
مشرق وسطیٰ تنازع، درآمدی تیل پر انحصار کم کرنا ہوگا
کراچی:
مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع ایک بار پھر تیل کی قیمتوں میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور اتار چڑھاؤ کی نئی لہر پیدا کر رہا ہے۔
اگرچہ یہ تنازع بیرونی ہے، لیکن اس کے اثرات ملکی معیشت کے لیے خاصے اہم ثابت ہو سکتے ہیں،بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا ’’پٹرول بم‘‘ پاکستان کی معیشت پر شدید اثر ڈال رہا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف مالیاتی توازن متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ بیرونی کھاتوں پر بھی دبائو بڑھ سکتا ہے۔
7 مارچ 2026 کو پٹرولیم لیوی میں نظرثانی کے بعد پٹرول پر یہ لیوی 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے تجارتی خسارہ مزید بڑھے گا ،اندازہ ہے کہ ماہانہ درآمدی بل میں تقریباً 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگا، جس سے کرنٹ اکائونٹ خسارہ مزید بگڑ جائے گا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان، جس نے پہلے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے ایک فیصد سے کم رکھنے کی پیش گوئی کی تھی، اب مہنگائی اور بیرونی کھاتوں کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیش گوئی پر نظرثانی کر سکتا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بالواسطہ اثرات کے باعث خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر، جو حالیہ عرصے میں غیر معمولی سطح تک پہنچ گئی تھیں، ان میں بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ،بین الاقوامی تجارتی مرکز کے Trademap.org کے مطابق 2024 میں عالمی سطح پر تجارت ہونے والی تقریباً 3 ٹریلین ڈالر مالیت کی معدنی مصنوعات میں سے 560 ارب ڈالر کی برآمدات خلیجی ممالک سے ہوئیں۔
ان میں سے تقریباً 210 ارب ڈالر کی برآمدات متحدہ عرب امارات اور قطر سے کی گئیں۔ قطر دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی برآمد کرنے والا ملک ہے اور پاکستان نے 2024 میں قطر سے 3.5 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ایل این جی درآمد کی، جو اس کی مجموعی ایل این جی درآمدات کا تقریباً 90 فیصد بنتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چین، جنوبی کوریا اور بھارت کے بعد پاکستان قطر کی ایل این جی کے اہم خریداروں میں شامل ہے۔ قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کھاد کی صنعت کو بھی متاثر کرے گا اور اس کے نتیجے میں زرعی شعبہ اور خوراک کی قیمتوں کا استحکام بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں مجموعی تجارتی درآمدات میں ایندھن کی درآمدات کا تناسب بہت زیادہ ہے۔ جہاں پاکستان کی تجارتی ساخت بڑی حد تک ایندھن کی درآمدات پر منحصر ہے، وہیں دیگر علاقائی ممالک کی تجارت صنعتی اور پیداواری شعبوں سے جڑی ہوئی ہے جو آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں سے اتنی متاثر نہیں ہوتی۔
ان ممالک کے پالیسی سازوں کے پاس ایسے متبادل موجود ہیں جن کے ذریعے وہ مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔
اس کے برعکس پاکستان کو دوہری مشکل کا سامنا ہوگا کیونکہ ایک طرف قیمتیں بڑھیں گی اور دوسری جانب ایندھن کی قلت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
پاکستان میں بجلی کی پیداوار بھی بڑی حد تک درآمدی ایل این جی پر منحصر ہے۔ ورلڈ ڈیولپمنٹ انڈیکیٹرز کے مطابق پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا 17 فیصد حصہ تیل سے حاصل ہوتا ہے جبکہ مشرق ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک میں یہ اوسط ایک فیصد سے بھی کم ہے ۔
خلاصہ یہ کہ ایک اور بڑا علاقائی تنازع پاکستان کے معاشی پالیسی سازوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، جو پہلے ہی متعدد داخلی مسائل سے نبرد آزما ہیں۔ ضروری ہے کہ درآمدی تیل پر انحصار کم کیا جائے اور توانائی کے ذرائع کو قابلِ تجدید اور مقامی متبادل سے تبدیل کیا جائے۔
مثال کے طور پر اب وقت آ گیا ہے کہ ایسی الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیا جائے جو مقامی طور پر پیدا ہونے والی شمسی توانائی سے چارج ہو سکیں۔
مزید یہ کہ پٹرولیم لیوی میں اضافے سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بجلی کے شعبے میں صلاحیت سے متعلق ادائیگیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
Today News
کراچی، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، ساتھی ملزمہ گرفتار، تیسرا ڈاکو فرار
کراچی:
شہر قائد میں راشد منہاس روڈ نجی اسکول کے قریب شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ، ڈاکو کی ساتھی ملزمہ ڈاکو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ، تیسرا ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سمن آباد کے علاقے راشد منہاس روڈ گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی جانب جاتے ہوئے نجی اسکول کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
زخمی شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ایس ایچ او سمن آباد انسپکٹر زبیر اعوان کا کہنا ہے کہ مارا جانے والا شخص ڈاکو ہے ، واقعے کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو ڈاکو اور ان کے ساتھی خاتون شہری کو اسلحہ کے زور پر روک رہے تھے جس پر شہری نے کچھ فاصلے پر جا کر اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی ڈاکو موقع سے فرار ہوگیا ، ڈاکو ملزمہ قریب چھپ گئی ، پولیس نے حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ملزمہ ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔
مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 25 سالہ سلمان کے نام سے کی گئی جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت نہا کے نام سے کی گئی ، تیسرے ڈاکو کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہے ہے ۔
Today News
لاہور، 19 کروڑ کی ڈکیتی کے ملزمان سے پولیس مقابلہ، مرکزی ملزم ہلاک، 3 فرار
لاہور:
شہر کے علاقے گجومتہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران 19 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت زازے پٹھان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک روز قبل ڈیفنس کے علاقے میں 19 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک کیفے میں واردات کے بعد فرار ہوئے تھے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کا نمبر ٹریس کیا گیا جس کے بعد کاہنہ پولیس نے گجومتہ کے قریب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔
اس دوران ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ ملزمان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
-
Magazines1 week ago
Story Time: Culinary Disasters – Newspaper
-
Magazines2 weeks ago
PRIME TIME: THE RAMAZAN EXCEPTION – Newspaper
-
Entertainment2 weeks ago
Ali Ansari On Falling in Love With More Than One Person
-
Sports2 weeks ago
Samson’s 97 puts India into T20 World Cup semi-final against England – Sport
-
Magazines2 weeks ago
THE ICON INTERVIEW: THE FUTURE’S ALWAYS BRIGHT FOR HIM – Newspaper
-
Business2 weeks ago
Privatisation Commission board recommends Fauji Fertiliser’s inclusion in consortium that won PIA auction – Pakistan
-
Sports1 week ago
Bangladesh recall Litton, Afif for Pakistan ODI series – Sport
-
Entertainment1 week ago
Fans React to Nadia Khan’s Wrinkles in Filter-Free Video