Today News
بے چارا سچ گیا پانی میں
کسی کا ایک خوبصورت شعر ہے
سچ گھٹے یا بڑھے تو سچ نہ رہے
جھوٹ کی کوئی انتہا ہی نہیں
کیا کمال کی شے ہے یہ جھوٹ بھی۔بلکہ یوں کہیے کہ یہ وہ سکہ ہے جو ہر ملک،ہرشہر،ہربازار،ہر مارکیٹ اور ہر دکان میں چلتا ہے بلکہ یہ واحد سکہ ہے جو ہر دور ہر زمانے میں بھی چلتا ہے اور نہ کبھی پرانا ہوا ہے نہ کھوٹا ہوا ہے تاریخ میں بھی چلتا ہے اور جغرافیے میں بھی چلتا ہے، تاریخ اور جغرافیہ کا حدود اربعہ وجہ تسمیہ جنرل نالج، معاشرتی علوم اور مطالعہ پاکستان میں بھی رواں دواں ہے۔
دین ومذہب،صنعت وتجارت اور کھیتوں کھلیانوں میں بھی چلتا ہے، گلی کوچوں اور بالاخانوں، چوباروں میں چلتا ہے، چوروں ڈاکوؤں میں بھی چلتا ہے اور ان کے مخالفوں یعنی کوتوالوں، قاضیوں اور قوانین اور دساتیر میں بھی چلتا ہے صرف ڈالروں میں چلتا نہیں ہے بلکہ دوڑتا ہے اور سیاست میں تو ڈالر سے بھی زیادہ چلتا ہے جب کہ جمہوریت میں یہ صرف پیروں سے ہی نہیں چلتا بلکہ’’پروں‘‘ سے اڑتا ہے گوروں،کالوں زردوں میں سرخوں اور سبزوں میں مطلب جدھر دیکھیے جس طرف تو نے آنکھ بھر دیکھا یہ ہی یہ ہے۔یکساں طور پر محوخرام رہتا ہے مطلب یہ کہ
ناوک نے تیرے صید نہ چھوڑا زمانے میں
تڑپے ہے مرغ قبلہ نما آشیانے میں
اگر آپ ہمیں کوئی ایک ایسی جگہ بتائیں جہاں یہ مقبول عام سکہ نہ چلتا ہو تو ہم آپ کو’’کولمبس‘‘قرار دیں گے اور اس کے مقابل اس کا سوتیلہ بھائی سچ۔ آخ تھو ۔خود اس پر بھی اور اس منہ پر بھی۔جس سے یہ نکلے پشتو میں اسے ماں کی گالی کہا گیا ہے اور سچ کہا گیا ہے بلکہ ماں بہن کے علاوہ پوتی دادی بیوی، خالہ پھوپھی ،چچی ممانی کی بھی گالی ہے۔اب اگر آپ کسی کو گالی دیں گے تو کیا ’’سردار‘‘ خوش ہوگا شاباشی دے گا؟نہیں بلکہ لٹھ لے کر آپ کے پیچھے دوڑے گا ۔
اور جھوٹ
زباں پہ بارخدایا یہ کس کا نام آیا
کہ میرے نطق نے بوسے مری زبان کے لیے
اور بوسے کی قابل ہے بھی وہ زبان۔جس سے یہ امرت یہ آب حیات یہ شیروشکر اور یہ امرت دھارا نکلتا ہو اس میں یار جیسی خاصیت بھی ہے
ہر غنچہ کہ گل دگرے غنچہ نہ گردد
قرباں زلب یار گہے غنچہ گہے گل
ویسے تو بہت سارے علما و فضلا دانا دانشوروں اور سالکوں نے اس کی مدح سرائیاں کی ہیں قصیدے لکھے ہیں لیکن ایک صاحب نے اس کے بارے میں فرمایا ہے
کوئی جھنکار ہے نغمہ ہے صدا ہے ؟ کیا ہے
تو کرن ہے کہ کلی ہے کہ ضیا ہے،کیا ہے
نام ہونٹوں پہ ترا آئے تو راحت سی ملے
تو تسلی ہے دلاسہ ہے دعا ہے کیا ہے
اگر یہ اپنی صنف بدل لے اور مذکر سے مونث ہوجائے تو اسے حسینہ عالم،مس ورلڈ،مس یونیورس بلکہ مس کاسموس بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ویسے تو ہر ہر جگہ ہر ہر مقام پر اس کا بول بالا ہے لیکن سنا ہے کہ ایک مملکت ناپرساں عالی شان میں اس کی بہت چلن اور آؤ بھگت ہے بلکہ اس مملکت کا اصل حکمران کہیے تو بجا ہوگا کہ یہ وہاں کا آئین بھی ہے قانون بھی یہ ہے سماج بھی ہے رواج بھی اور سرتاج بھی ہے۔
سب کچھ خدا سے مانگ لیا تجھ کو مانگ کر
اٹھتے نہیں ہیں ہاتھ مرے اس دعا کے بعد
اس مملکت میں اس کے ہزار رنگ ہزار روپ ہیں
تیری آنکھوں میں کئی رنگ جھلکتے دیکھے
سادگی ہے کہ چھچک ہے کہ حیا ہے کیا ہے
ہم نے ایک دانا دانشور سے پوچھا کہ مملکت ناپرسان عالی شان میں اس کثیر الفوائد کثیرالجہت اور کثیرالمقاصد اور کثیرالاستعمال نعمت کی اتنی زیادہ پذیرائی کی وجہ کیا ہے تو فرمایا کہ اس کی ایک الگ کہانی ہے۔کہ جب یہ مملکت وجود میں آئی جس میں ہر طرف ہر جگہ ہر مقام پر مواقع ہی مواقع تھے تو یہ مژدہ جاں فزا جھوٹ اور سچ نام کے دو سوتیلے بھائیوں نے بھی سنا جو ایک گاؤں میں رہتے تھے اور آپس میں دونوں نے مشورہ کیا کہ کیوں نہ اس نئی مملکت میں جاکر روزگار ڈھونڈا جائے چنانچہ چل پڑے۔چلتے چلتے راستے کے کنارے ایک تالاب دکھائی دیا تو جھوٹ نے سچ سے کہا بھائی کیوں نہ اس تالاب میں ڈوبکیاں لگاکر فریش ہوا جائے، سچ نے کہا ٹھیک ہے پھر دونوں نے ایک درخت کے نیچے کپڑے اتارے اور تالاب میں اتر گئے۔
دونوں نہانے لگے تیرنے لگے۔ڈبکیاں لگانے لگے اور مستیاں کرنے لگے، تھوڑی دیر بعد سچ نے دیکھا کہ جھوٹ دکھائی نہیں دے رہا ہے، اس نے پورے تالاب پر نظر دوڑائی لیکن جھوٹ دکھائی نہیں دیا، تشویش ہوئی کہ کہیں ڈوب تو نہیں گیا۔کافی انتظار کے بعد جب کنارے کی طرف دیکھا تو جھوٹ کے کپڑے پڑے ہوئے تھے لیکن سچ کا لباس ندارد تھا پھر کافی دیر بعد اس کی سمجھ میں آگیا کہ جھوٹ اپنا ہاتھ کرگیا ہے وہ سچ کا لباس پہن کر بھاگ گیا ہے۔بیچارا سچ سن ہوکر رہ گیا کہ اگر جھوٹ کا لباس پہن کر جاؤں گا تو لوگ مجھے جھوٹ سمجھیں گے اور ایسے ہی ننگا لنگوٹ نکلوں گا تو لوگ دیوانہ سمجھ کر پتھر ماریں گے۔ دوسری طرف جھوٹ سچ کے لباس میں مملکت ناپرسان کی راج دھانی اکرام آباد پہنچ گیا تو اس کی زبردست پذیرائی کی گئی لوگوں نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔اہلاً و سھلاً و مرحبا۔تو ہوا جلوہ گر مبارک ہو۔
اسے سرآنکھوں پر بٹھایا گیا اور جھوٹ مزے اڑانے لگا۔مسند پر بٹھادیا گیا اور سارے لوگوں نے اس کی بیعت کرلی خاص طور پر سیاست دانوں، پارٹیوں اور لیڈروں نے تو اسے ہم پیالہ و ہم نوالہ بنالیا۔ اب مسئلہ صرف یہ ہے کہ کیا بیچارا سچ کبھی تالاب سے نکل پائے گا یا پانی میں اس کی’’جل سمادھی‘‘ ہوجائے گی؟
Today News
خیبر، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق
خیبر:
ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سلطان خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سپاہی سفیر خان کو گزشتہ شام اپنے حجرے کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ اپنے 7 سالہ بیٹے محمد طلحہ سمیت شدید زخمی ہو گئے۔
دونوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سپاہی سفیر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ اس کا کمسن بیٹا محمد طلحہ بھی دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا۔
حکام کے مطابق حملہ تقریباً ایک گھنٹہ قبل پیش آیا تھا اور واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے تھانہ لنڈی کوتل میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
Today News
کراچی، تلخ کلامی پر سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ریٹائرڈ ڈی ایس پی کا بیٹا جاں بحق
کراچی:
شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تلخ کلامی کے بعد پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے، جسے فائرنگ کے بعد فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔
حکام کے مطابق مقتول ولید فیڈرل بی ایریا بلاک 10 کا رہائشی اور ریٹائرڈ ڈی ایس پی شمیم عارف کا بیٹا تھا، جو واقعے کے وقت اپنی بہن کے گھر آیا ہوا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کے جسم پر تین گولیاں لگیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد موقع پر پہنچ کر نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ وکیل احمد کو گرفتار کر لیا گیا اور اس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
Today News
یو اے ای سے قرض رول اوور پر رابطے جاری ہیں، وزیر خزانہ
اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالرکے قرض کی مدت میں توسیع (رول اوور) کے معاملے پررابطے جاری ہیں، اس سلسلے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں، وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بیرونی مالیاتی خلا مکمل پُرکیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں، بیرونی مالی ضروریات پرآئی ایم ایف سے پروگرام کے آغاز میں بات چیت ہو چکی ہے اور آئندہ مذاکرات میں بھی اس کاجائزہ لیا جائیگا۔
7 ارب ڈالرکے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت عرب امارات، سعودی عرب اور چین نے اسٹیٹ بینک میں مجموعی طور پر 12.5 ارب ڈالرکے ڈپازٹس پروگرام کی مدت ستمبر تک برقراررکھنے کاعزم کررکھاہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق اس باریو اے ای نے قرض کی مدت میں صرف ایک ماہ کی توسیع کی تھی،جبکہ مزید توسیع کے بارے میں باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
گزشتہ دسمبر میں گورنر اسٹیٹ بینک نے یو اے ای سے 2.5 ارب ڈالرقرض 2 سال کیلیے رول اوورکرنے اورشرح سود 6.5 فیصدسے کم کرکے 3 فیصد کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری میں گزشتہ توسیع کے وقت اماراتی حکام نے عندیہ دیا تھاکہ یہ آخری توسیع ہوگی۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار پہلے بتا چکے ہیں کہ عرب امارات فوجی فاؤنڈیشن کے ایک ارب ڈالر مالیت کے حصص کے حصول پر بھی بات چیت کررہا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالرکے ایکسٹینڈڈ فنڈفیسیلٹی اور 1.4 ارب ڈالرکی ریزیلینس اینڈسسٹین ایبلٹی فیسیلٹی کے تحت مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں آئی ایم ایف بورڈ سے 1.2 ارب ڈالرکی دو قسطوں کی منظوری کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
آئی ایم ایف مشن کراچی پہنچ چکا ہے جہاں وہ اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کاجائزہ لے گا، جس میں نیٹ انٹرنیشنل ریزروز، نیٹ ڈومیسٹک اثاثے اور سواپ پوزیشن شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات کیلیے اچھی پوزیشن میں ہے، آئندہ دنوں میں کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
-
Tech2 weeks ago
The Compressed Timeline Of The AI Revolution
-
Entertainment2 weeks ago
Reality Behind Hania Aamir’s Wedding Video
-
Tech2 weeks ago
3 Reasons The Galaxy S26 Ultra Plays It Safe (And Why It Might Work)
-
Tech2 weeks ago
PTA Reveals Top Mobile Networks of Q4 2025
-
Entertainment3 days ago
Atiqa Odho’s Surprising Opinion on Aurat March
-
Tech2 weeks ago
Telegram Gets a Refreshed Look — Update Now Available in Pakistan
-
Entertainment2 weeks ago
Heartbreaking Moment as Army Martyr’s Father Faints Receiving Son’s Belongings
-
Tech1 week ago
Samsung Promotes New Feature Ahead Of Galaxy S26 Ultra Launch