Today News
عوام کی خیر خواہ یہ سیاسی حکومتیں
وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کے ذریعے ساڑھے تین کروڑ غریبوں کو بچایا ہے اور صرف چار لاکھ 66 ہزار کے قریب صارفین نیٹ میٹرنگ سے فائدہ اٹھا رہے تھے اور پرانے نرخوں پر نیٹ میٹرنگ کے باعث باقی غریب صارفین پر سالانہ دو سو ارب سے زیادہ کا بوجھ پڑ رہا تھا۔ نئی نیٹ میٹرنگ کا مقصد غریب عوام کو تحفظ دینا ہے۔ اس بیان سے لگتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کے عوام پرکس قدر مہربان ہے اور اس نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی سے عوام کو حکومتی احسانوں تلے دبا دیا ہے۔
موجودہ ہی نہیں ماضی کی بھی تمام حکومتیں عوام کی اتنی ہی خیر خواہ رہی ہیں، جتنی موجودہ (ن) لیگی حکومت ہے جس کے سربراہ عوام کے وسیع تر مفاد کے لیے آئے دن غیر ملکی دوروں پر رہتے اور حکمرانوں کا رویہ اور طرز زندگی محسوس ہی نہیں ہونے دیتا کہ وہ اربوں ڈالر کے مقروض ملک کے سربراہ ہیں جنھوں نے ہماری آنے والی نسل کو مقروض در مقروض کر دیا ہے ،عوام اپنی محنت کی کمائی سے غیر ملکی قرض مہنگائی سہہ کر بھی ادا کر رہی ہے مگر قرض ہے کہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ نیپرا قواعد صاف اور سستی بجلی دینے والے شہریوں کو سزا دینے کے مترادف ہیں۔ نیپرا پر اعتماد کرکے سولرائزیشن میں سرمایہ لگانے والوں کو شدید مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ پی پی رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ سولر سسٹم لگا کر حکومت کو بجلی دینے والوں کے ساتھ فراڈ ہوگیا ہے۔ سابق (ن) لیگی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کا کہنا ہے کہ اب سولر صارفین کم معاوضہ وصول کرتے ہوئے مکمل قیمت ادا کریں گے اور چالیس روپے یونٹ بجلی خریدیں گے اورگیارہ روپے میں واپس حکومت کو دیں گے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سیٹھوں نے بجلی سستی کرنے کے لیے گھریلو صارفین پر دو طرفہ حملہ کیا ہے، ایک طرف حکومت نے بجلی کے نرخ بڑھا دیے ہیں اور دوسری طرف سولر نیٹ میٹرنگ ختم کر دی ہے اور سولر لگانے والوں کو دھوکا دیا گیا ہے جس سے انھیں مالی نقصان اور حکومت کو فائدہ ہوگا۔ ملک کی تاجر برادری نے بھی حکومت کی نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی پر تبدیلی پر سخت ردعمل دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آئی پی پیزکا پیٹ پالنے کے لیے اتنی سخت پالیسیاں نہ بنائی جائیں، تاجر بہت مشکل سے گزر رہے ہیں۔ تاجروں نے حکومت سے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظر ثانی کا بھی مطالبہ اور نئی پالیسی پر کڑی تنقید کی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کو یہ خوش فہمی بھی ہے کہ حکومت کی نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کے بعد بھی تاجر نئے نرخوں پر بھی منافع بخش سرمایہ کاری جاری رکھیں گے اور حکومت نے تو دو سو یونٹ تک کے گھریلو صارفین کو بھی رعایت دی ہے اور غریب صارفین کو مزید بوجھ سے بچایا ہے جو ان پر دو سو ارب تھا اور پانچ سو ارب روپے تک جانے کا امکان تھا جو عوامی مفاد کا حکومت کا ایک اچھا فیصلہ ہے جس پر حکومت کو فخر ہے اور حکومت نے وسیع تر مفاد میں یہ جرأت مندانہ اصلاحات کی ہیں۔ موجودہ حکومت نے آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی کرا کر ملک کو اربوں روپے کے نقصان سے بچایا ہے۔
ماضی میں آئی پی پیز سے معاہدے بھی ملک میں حکمرانی کرنے والی ماضی کی سیاسی حکومتوں نے کیے تھے جس کے نتیجے میں حکومت کو تو نہیں بلکہ بجلی صارفین کو ہر سطح پر مالی نقصان ہو رہا تھا کیونکہ ملک کو نقصان اور آئی پی پیز کو زبردست مالی فائدہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے ہوا تھا۔ جو آئی پی پیز حکومت کو بجلی بھی نہیں دے رہے تھے حکومتیں انھیں بھی ماہانہ ڈالروں میں ادائیگیاں کر رہی تھیں اور دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ حکومتی فیصلوں سے صارفین سب سے زیادہ متاثر اور سیاسی پشت پناہی کے حامل یہ آئی پی پیز سالوں ماہانہ کروڑوں روپے مفت میں کماتے رہے اور اب بھی کچھ کم مگر کما ضرور رہے ہیں اور بجلی ازحد مہنگی خریدنے والے صارفین اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات، بجلی و گیس وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہے اور یہ تینوں حکومت کی کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور ان تینوں اشیا کو مہنگا سے مہنگا کر کے ملک میں مہنگائی و بے روزگاری بڑھائی گئی ہے۔ بجلی کی کمی پوری کرنے کے لیے پہلے آئی پی پیزکو زبردست مالی فائدہ پہنچانے کے ساتھ (ن) لیگی حکومت نے نیٹ میٹرنگ پالیسی بنا کر سولرائزیشن کرکے اپنی ضرورت پوری اور اپنی بنائی ہوئی فاضل بجلی فروخت کرنے والوں نے سولروں کے ذریعے بجلی کی کمی دورکی جس کے صلے میں آئی پی پیز متاثر ہوئے کیونکہ ان کی بجلی کی ضرورت کم ہو رہی تھی تو انھوں نے حکومت پر نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی بنانے کے لیے سیاسی دباؤ بڑھایا جس پر سولر بجلی فروخت کرنے والے سوچ رہے ہیں کہ انھوں نے حکومت پر اعتماد کیوں کیا تھا۔
سیاسی رہنما بھی نئی پالیسی کو عوام سے دھوکا اور فراڈ قرار دے رہے ہیں جس سے حکومت کو بھی دھچکا ضرور لگے گا اور عوام میں حکومت کے خلاف بداعتمادی ضرور بڑھے گی۔ (ن) لیگ کی سابق حکومت میں ’’ قرض اتارو ملک سنوارو‘‘ پالیسی سے حکومت پر عوامی اعتماد پہلے ہی متاثر ہوا تھا اور نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی پر عوام کے اعتماد سے محروم (ن) لیگ کی وفاقی حکومت پر عوام آیندہ اعتماد نہیں کریں گے۔
پہلے ہر آنے والی حکومت پہلی حکومت کی پالیسی رد کرکے اپنی پالیسی نافذ کرتی تھی جس سے عالمی سطح پر ملکی ساکھ متاثر ہوتی تھی اور غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ نہیں لگاتے تھے کہ ہر حکومت کی پالیسی سے ان کا سرمایہ نہ ڈوب جائے۔ ملک سے صنعتیں مہنگی بجلی سے باہر منتقل ہو رہی ہیں اور صنعتکار شریف فیملی کی حکومت سے مایوس تھے اور اب نئی میٹرنگ پالیسی سے متوسط طبقہ بھی حکومت پر اعتماد نہیں کرے گا کہ یہ عوام کی نام نہاد خیر خواہ حکومت پھر پالیسی نہ بدل لے، اس لیے حکومت مزید ناقابل اعتبار ہو جائے گی۔
Today News
امریکا، بورڈ آف پیس کا افتتاح آج ہو گا، غزہ کی تعمیرِ نو کیلئے 5 ارب ڈالر فنڈ کے اعلان کا امکان
واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج واشنگٹن میں اپنے نام نہاد بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس کی میزبانی کریں گے، جس میں غزہ کی تعمیرِ نو، حکمت عملی اور مالی وسائل کے اعلان پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں دنیا بھر سے مدعو کیے گئے ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ طور پر 50 ممالک کو بورڈ میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اب تک 35 رہنماؤں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ 26 ممالک باضابطہ طور پر شامل ہو کر بانی اراکین قرار پائے ہیں۔ کم از کم 14 ممالک نے دعوت مسترد کر دی ہے۔
افتتاحی اجلاس کا بنیادی ایجنڈا غزہ کی تعمیرِ نو کا جامع منصوبہ ہے۔ غزہ کی پٹی گزشتہ مہینوں کی شدید جنگ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے بعد انسانی بحران نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے۔
امریکی انتظامیہ سفارتی سطح پر جنگ بندی اور بحالی کے اقدامات پر زور دے رہی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ امریکا غزہ کی انسانی ہمدردی اور تعمیرِ نو کی کوششوں کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر 5 ارب ڈالر کے فنڈ کے قیام کا اعلان کرے گا۔
اس کے علاوہ ایک مجوزہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آ سکتی ہیں، جو غزہ میں سیکیورٹی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے تعینات کی جا سکتی ہے۔
Today News
وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے
واشنگٹن:
وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم 19 فروری کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے جہاں غزہ کی موجودہ صورتحال اور قیامِ امن کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی امریکی قیادت اور دیگر شریک عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
Today News
تفتان میں گیس باؤزر میں دھماکے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی، 4 افراد جھلس گئے
تفتان:
بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان میں ہولناک آتشزدگی اور دھماکے نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔
تفتان بازار میں کھڑے ایل پی جی گیس باؤزر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی، اور ریسکیو آپریشن کے دوران باؤزر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد آگ نے قریبی علاقے اور گیس پلانٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آگ کے بلند شعلے کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دے رہے تھے، جس سے بازار میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔
اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر تفتان موقع پر پہنچ گئے جبکہ فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
تاہم آگ کی شدت کے باعث فائربریگیڈ کے چار اہلکار، جن میں دو رضاکار بھی شامل ہیں، جھلس کر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ایک شخص کو تشویشناک حالت میں نوکنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کو بھی آگ کی شدت کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ محفوظ رہے۔
واقعے کے باعث بڑے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس اور امدادی ادارے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
-
Tech1 week ago
WhatsApp’s Paid Version Will Bring These New Features
-
Tech5 days ago
The Compressed Timeline Of The AI Revolution
-
Tech2 weeks ago
New Samsung Galaxy S26 Ultra Leak Confirms Bad Battery News
-
Tech2 weeks ago
Dan D’Agostino’s Momentum Z Monoblock Amplifiers Will Set You Back A Cool $125,000
-
Magazines2 weeks ago
Story time: Stuck in the 1990s
-
Tech1 week ago
PTA Reveals Top Mobile Networks of Q4 2025
-
Entertainment2 weeks ago
Pakistani Stars Land From Karachi To Lahore For Basant
-
Tech2 weeks ago
Apple iPhone 17e Release Date: Just Days Away, New Report Claims