Connect with us

Today News

مودی کا دورئہ اسرائیل: پاکستان کے لیے باعث تشویش؟

Published

on


آج بروز جمعہ ، بتاریخ 27فروری2026، جب یہ کالم شائع ہوگا، بھارتی وزیر اعظم ، نریندر مودی، اپنے سرکاری دو روزہ دَورئہ اسرائیل سے واپس اپنے ملک آ چکے ہوں گے ۔اُن کا یہ دَورہ 25اور26فروری کے دو ایام پر محیط تھا۔ یہ دَورہ ایسے ایام میں ہُوا ہے جب مغربی ایشیا پر خطرات کے کئی بادل منڈلا رہے ہیں ۔ جب امریکہ اپنے سامراجی مذموم مقاصد کی تکمیل اور حصول کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کے لیے پر تول رہا ہے ۔ایرانی مذہبی انقلابی قیادت بھی اپنے تئیں اپنے موقف اور اپنے مبینہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ڈٹی ہُوئی ہے ۔ امریکہ کے مقابل ایران کا ڈَٹ جانا خود امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ، کو حیران اور ششدر کررہا ہے ۔ مودی جی نے ایسے ایام میں اسرائیل کا دَورہ کیا ہے جب چند دن قبل ہی امریکی صدر نے واشنگٹن میں ’’ بورڈ آف پیس‘‘ کے پہلے عالمی شہرت یافتہ اجلاس کی صدارت کی ہے ۔ اِس اجلاس میں مودی کو بھی مدعو کیا گیا تھا ، لیکن اُنھوں نے خود شریک ہونے کی بجائے اپنے ایک نمایندہ کو واشنگٹن بھیج دیا ۔ یہی اسلوب اسرائیلی وزیر اعظم ، نیتن یاہو، نے اختیار کیا ۔بورڈ آف پِیس کے پہلے اجلاس میں بھارتی شرکت کو ’’آبزرور‘‘ کا درجہ دیا گیا۔

اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ خاصے گہرے بھی ہیں اور کسی سے مخفی بھی نہیں ۔ مودی جی ایسے ایام میں اسرائیل کے دَورے پر گئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل ہی اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ( Mike Huckabee) نے امریکی صحافی(Tucker Carlson) کو انٹرویو دیتے ہُوئے یہ لاف زنی اور دریدہ دہنی کی ہے کہ’’اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ پر قبضہ کر لے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ اسرائیل کو یہ حق بائبل نے دیا ہے ۔‘‘ بین الاقوامی قوانین کی توہین کرتے اِس بیان کی پاکستان سمیت تمام عالمِ اسلام نے سخت الفاظ میں بیک زبان ہو کر مذمت کی ہے ۔ اِس بیان نے ایک بار پھر اسلام مخالف امریکی و اسرائیلی گٹھ جوڑ کی قلعی کھول دی ہے ۔وائیٹ ہاؤس نے ابھی تک اپنے سفیر کے مذکورہ بالا بیان کی تردید کی ہے نہ مذمت ؛ چنانچہ اِس پس منظر میں پاکستان کو نریندر مودی کے دَورئہ اسرائیل پر بجا طور پر تشویش ہُوئی ہے ۔ ہم دیکھتے ہیں کہ اِس تناظر میں 24فروری کو پاکستانی سینیٹ میں ایک متفقہ قرار داد بھی منظور ہُوئی ہے جس میں واضح الفاظ میں کہا گیا :’’ یہ ایوان بھارت، اسرائیل گٹھ جوڑ اور صہیونی توسیع پسندانہ عزائم( امریکی سفیر کے مذکورہ بالا بیان کے حوالے سے) کی مذمت کرتا ہے ۔ بھارتی وزیر اعظم اسرائیل کا دَورہ کررہے ہیں ۔ اِس پر بھی ہمیں تشویش ہے ۔ جس دن بھارت و اسرائیل (مودی کے دَورے کے بعد) میں نیا اتحاد تشکیل پائے گا، یہ سینیٹ اور حکومت اِس کا ڈَٹ کر مقابلہ کریں گے۔‘‘

اِس بیان کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ مودی کے دَورئہ اسرائیل پر پاکستان کو واضح تشویش ہے ۔ یہ تشویش ہونی بھی چاہیے کہ اِس دَورے سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم ، نیتن یاہو، نے کھل کر کہا تھا:’’مودی میرا عزیز دوست ہے ۔ نریندر مودی کے اسرائیل آنے سے ہم دونوں ملک ایک نئے ،متنوع اور تزویراتی اتحاد میں پروئے جائیں گے ۔‘‘اور ہُوا بھی ایسا ہی ہے ۔ مودی کے اِس دَورے کے دوران بھارت اور اسرائیل کے درمیان جو مبینہ اسٹریٹجک معاہدے اور ایم او یوز ہُوئے ہیں ، عالمِ اسلام اور خاص طور پر پاکستان کو اِن پر تشویش ہے ۔ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اس لیے بھی مودی کے دَورئہ اسرائیل پر مشوش ہیںکہ غیر مبہم الفاظ میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان میں آئے روز دہشت گردی کی جو خونی ، المناک داستانیں رقم ہو رہی ہیں، اِن کے عقب میں مقتدر افغان مُلّا طالبان اور بھارت کے اتحاد کی کارفرمائی ہے۔آگے بڑھ کر ہمارے ایک سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض نے اگلے روز مین اسٹریم میڈیا اسکرین پر یہ بھی کہا ہے کہ ’’ پاکستان کے خلاف طالبان کے افغانستان، نریندرمودی کے بھارت اور نیتن یاہو کے اسرائیل کا گٹھ جوڑ سب پر آشکار ہو چکا ہے ۔‘‘

پاکستان کے خلاف صہیونی اسرائیل و بھارت کا اتحاد (مئی 1999میں) اُس وقت بھی کھل کر سامنے آیا تھا جب اسرائیل نے کارگل میں پاکستانی مجاہدین و سیکیورٹی فورسز کا ہلاکت خیز مقابلہ کرنے کے لیے ہنگامی طور پر بھارت کو اپنے مخصوص میزائل فراہم کیے تھے ۔پاکستان کے خلاف یہ اتحاد اُس وقت بھی پھر کھل کر سامنے آیا تھا جب مئی2025 کی چار روزہ جنگ ( جس میں پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا تھا)میں اسرائیل نے اپنے جدید ترین جنگی ڈرونز بھارتی فوج کو فراہم کیے تھے۔ 24فروری2026 کو ’’عرب نیوز‘‘ میں ( مودی کے دَورئہ اسرائیل کے حوالے سے) جو تفصیلی رپورٹ شائع ہُوئی ہے، اِس میں بھی اِن اسرائیلی جنگی ڈرونز کا ذکر کیا گیا ہے ۔ ’’عرب نیوز‘‘ نے اپنی مذکورہ بالا رپورٹ میں یہ بھی لکھا:’’ بھارتی وزیر اعظم بدھ ( 25اور26 فروری) کو جس اسرائیلی دَورے پر جا رہے ہیں، یہ تجارت ، کاروبار اور دفاع کے اعتبار سے نہائت اہم ہے ۔ اسرائیل دراصل بھارت کا اہم ترین ٹریڈ و ڈیفنس پارٹنر ہے۔ مودی کے اسرائیلی دَورے کا مطلب یہ ہے کہ بھارت مشرقِ وسطیٰ میں توازن کے ساتھ اپنے سفارتی و تجارتی تعلقات کو بڑھا رہا ہے ۔‘‘ سمجھنے والی بات یہ ہے کہ ’’عرب نیوز‘‘ کی جانب سے بھارت کی اِس غیر معمولی تعریف کے کیا معنی ہیں؟

صرف پاکستان ہی کو نریندرمودی کے دَورئہ صہیونی اسرائیل پر تشویش نہیں ہے ، بلکہ خود بھارت کی اپوزیشن نے بھی کھلے الفاظ میں مودی کے اِس دَورے کی مخالفت کی ہے ۔ مثال کے طور پر کانگریس کے سیکریٹری جنرل ( جئے رام رامیش) نے مودی کے اسرائیل روانہ ہونے سے قبل کہا:’’ مودی جی کا دَورئہ اسرائیل کھلی منافقت ہیں۔ ماضی قریب میں بھارت اور مودی فلسطین کی کھلی حمائت کر چکے ہیں ۔ اب جب کہ اسرائیل پچھلے دو برسوں میں ایک لاکھ کے قریب اہلِ غزہ کو قتل کر چکا ہے، مودی کا اسرائیلی دَورہ چہ معنی دارد؟ مودی نے اِس دَورے سے ثابت کر دیا ہے کہ اُنھوں نے فلسطین اور فلسطینیوں سے ناتہ توڑ لیا ہے ۔‘‘ جئے رام رامیش نے مزید کہا:’’ بھارت اور مودی جی ایران سے بھی دوستی اور تعاون کا دَم بھرتے رہے ہیں ۔ اب جب کہ امریکہ اور اسرائیل اکٹھے ہو کر ایران پر میزائل برسانے کی تیاریاں کررہے ہیں، ایسے حساس لمحات میں مودی جی کا اسرائیل جانا ہرگز مناسب نہیں ہے ۔‘‘

لیکن نریندر مودی اپنے ہم وطن سیاسی حریفوں اور عالمی دوستوں کے طنزو تعریض اور نصیحتوں کے برعکس پندار کا صنم کدہ ویران کرتے ہُوئے اسرئیل پہنچے ۔ اُن کے دَورے سے فلسطین اور ایران کو بھی سب سے بڑا دھچکا اور دکھ پہنچا ہے۔ مگر ہندو بنیا سب سے پہلے اپنے مفاد دیکھتا ہے۔ مودی کا اسرائیل کے ساتھ ذاتی مفاد یہ بھی ہے کہ اُن کے ارب پتی قریبی دوست ( گوتم اڈانی ، جو بی جے پی اور آر ایس ایس کی بھرپور مالی امداد کرتے ہیں) اسرائیل کی ایک اہم ترین بندرگاہ(حائفہ) چلاتے ہیں۔ بھارت و اسرائیل کی دو طرفہ تجارت کا گراف بھی 4ارب ڈالر کو چھُو رہا ہے ۔ رُوس اور فرانس کے بعد اسرائیل وہ ملک ہے جو بھارت کو سب سے زیادہ جدیدترین دفاعی سازوسامان فراہم کررہا ہے ۔عالمی دفاعی معاملات پر کڑی نظر رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ ادارے SIPRI (اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پِیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ)کا دعویٰ ہے کہ پچھلے تین برسوں کے دوران بھارت نے دُنیا بھر سے جتنا بھی اسلحہ و دفاعی سازوسامان خریدا ہے، اِس کا13فیصد اسرائیل سے آیا ہے ۔

بھارت و اسرائیلی سفارتی تعلقات بھی پرانے اور گہرے ہیں ۔ آزادی کے ایک سال بعد ہی جواہر لعل نہرو نے اسرائیل کو بطورِ مملکت تسلیم کر لیا تھا۔ مگر باقاعدہ سفارتی تعلقات آج سے 33سال قبل  (1992کے دوران) معرضِ عمل میں آئے ۔ پاکستان دشمن نریندر مودی نے وزیر اعظم بنتے ہی اسرائیل سے ہر قسم کے تعلقات کو آگے بھی بڑھایا اور اِنہیں مضبوط بھی کیا ۔ مودی جی پہلے بھارتی وزیر اعظم ہیں جنھوں نے 2017 میںاسرائیل کا سرکاری دَورہ کیا ۔ اُس سے اگلے سال صہیونی اسرائیلی وزیر اعظم ، نیتن یاہو، نے بھارت کا سرکاری دَورہ کیا ۔ رواں برس بھارت اپنے ہاں ’’عرب لیگ‘‘ سے تعلق رکھنے والے وزرائے خارجہ کی کانفرنس بھی کروا چکا ہے ۔





Source link

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Today News

نی ایندرتال ، ایک نظریہ

Published

on


1856میں Fossilsپر کام کرنے والے ماہرین کی ایک ٹیم جرمنی کی ایک وادی نی ایندر میں کام کر رہی تھی کہ اسے ایسی باقیات ملیں جوانسانی باقیات سے ملتی جلتی تو تھیں لیکن انسانی نہیں تھیں۔ماہرین کو سب سے پہلے Skull cap n Femer bone ملی۔ٹیم ممبران یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ کون سی انسانی نوع کی باقیات ہیں۔کھدائی کرنے والے ماہرین نے اپنی دریافت کو دنیا کے ماہرین حیاتیات سے شیئر کیا تو سب اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ باقیات موجودہ نوع انسانی سے ہٹ کر ایک دوسری نوع کی ہیں۔چونکہ یہ باقیات جرمنی کی وادی نی ایندر میں دریافت ہوئی تھیں اس لیے اسے نی ایندرتال Neanderthals کہا گیا۔ معلوم ہوا کہ یہ باقیات تقریباً ساڑھے 3لاکھ سال پرانی ہیں اور یہ کہ یہ نوعِ انسانی اب معدوم ہو چکی ہے۔

ہومو سیپینHomo sapien انسان کے زمین پر آباد ہونے سے پہلے ہومو ارک ٹسHomo Erectus کا دور آیا۔اس سے پہلے زمین پر زندگی تھی۔بے شمار قسم کے جانور اور چرند پرند تھے۔زمین ان کی مختلف آوازوں سے نغمہ زن تھی جب سیدھا کھڑا ہو کر چلنے والی پہلی مخلوق ہومو ارک ٹس نمودار ہوئی۔ہومو ارک ٹس کی پہلی نوع شاید نی ایندرتال ہی تھی۔ بہت ابتدا میں یہ زمین پر تو چلتے پھرتے اور شکار وغیرہ کرتے تھے لیکن کوئی سٹرکچر کوئی عمارت بنانے کی ابھی نہیں سوجھی تھی اس لیے یہ درختوں پر رہتے تھے۔انسانوں کی ہی ایک اور نوع ہومو فلورنس تھی۔انڈونیشیا کے ایک جزیرے فلورنس سے انسانی باقیات کے جو ڈھانچے ملے ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ یہ انسانی نوع کی ایک تیسری قسم تھی۔بہت قدیم زمانے میں آباد یہ نوعِ انسانی بہت چھوٹے قد کی تھی۔ان کا عمومی قد تین سوا تین فٹ تھا،ان کی کھوپڑیاں بھی چھوٹی تھیں۔یہ نوع بھی اب مکمل طور پر معدوم ہو چکی ہے۔یورپی ماہرینِ حیاتیات نے بغیر کسی ثبوت کے ایک نظریہ گھڑ لیا ہے کہ انسان بندر یا ایپسApesسےEvoluteہوکر موجودہ انسانی شکل و صورت میں آیا اس لیے یہ ضروری ہے کہ یہ ارتقا Evolutionافریقہ میں ہوا ہو حالانکہ اگر اس قسم کا کوئی ارتقا ہوا ہے تو وہ کیوں اور کب بند یا ختم ہو گیا۔پچھلے 8سے10ہزار سال کی انسانی تاریخ تو معلوم ہے۔ اس لمبے عرصے میں کوئی ایک بھی ایسا واقعہ صفحہء شہود پر نہیں ملتا جس میں کسی نے کسی بندر یا ایپ کو انسان میں ڈھلتے دیکھا ہو۔ افریقہ سے انسان نے ترقی کر کے ایشیا اور یورپ میں قدم رکھا۔ابھی حال ہی میں صدر ٹرمپ نے سابق صدر اوباما اور ان کی اہلیہ مشال کا مذاق اُڑاتے ہوئے انھیں بن مانس کی شکل میں پیش کیا۔امریکی اور یورپی مائنڈ سیٹ ہے کہ کالی یا بھدی چیز نے افریقہ میں جنم لیا تھا۔نی ایندرتال کے بارے میں بھی یہی کچھ کہا جاتا ہے کہ وہ افریقہ میں نمودار ہوئے لیکن پھر وہاں سے نکل کر دوسرے برِ اعظموں میں پھیل گئے۔

ماہرینِ حیاتیات کا اندازہ ہے کہ کوئی چار لاکھ سال پہلے نی ایندرتال نمودار ہوئے۔سائنس دانوں کا یہ بھی خیال ہے کہ زمین پانچ مرتبہ برفانی دور یا Ice Ageسے گزری ہے۔پہلی مرتبہ ہماری زمین 2.6بلین سال پہلے برف سے ڈھک گئی تھی۔کہا جاتا ہے کہ سب سے سخت برفانی دور 720سے635لاکھ سال پہلے تھا۔نی ایندرتال سخت ترین کپکپاتی سردی جھیلنے والی نوعِ انسانی تھی۔وہ سخت ترین آب و ہوا کو بخوبی جان گئے اور اس میں زندہ رہنا سیکھ گئے تھے،آخری برفانی دور میں پوری زمین پر عمومی درجہء حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔سطحِ سمندر بھی موجودہ سطح سے کوئی 100فٹ نیچے تھی۔جبرالٹر یعنی جبل الطارق کی پہاڑیوں میں ایسی کئی غاریں ہیں جہاں نی ایندرتال بسے ہوئے تھے۔اب سمندر ان غاروں کے دہانوں تک پہنچا ہوا ہے لیکن اس وقت یہ سوفٹ نیچے تھا۔نی ایندرتال یہاں سمندر کی تہہ جو اس وقت خشک زمین تھی وہاں چلتے پھرتے،شکار کرتے اور گزر بسر کرتے تھے۔

نی ایندر تال زمین پر سب سے لمبے عرصے یعنی کوئی چار لاکھ سال آباد رہے۔یہ 42ہزار سال پہلے بالکل معدوم ہو گئے۔یہ اپنے دور میں یورپ،مغربی و وسطی ایشیا اور سائیبیریا میں آباد رہے۔ان کا جسم بہت مضبوط،، طاقتور اور گٹھا ہوا تھا لیکن ان کا قد زیادہ سے زیادہ سوا پانچ فٹ تک تھا۔ان کی ناک چوڑی تھی جو سرد ہوا کو گرم کرنے میں ممدو معاون تھی۔ نی ایندرتال کی کھوپڑی قدرے بڑی جب کہ دماغ کا سائز بھی بڑا تھا۔موجودہ نوعِ انسانی اور نی ایندرتال کے DNAکا موازنہ کیا جائے تو یہ97.5 فی صد ایک جیسا ہے۔ایک اندازے کے مطابق موجودہ یورپی آبادی میں4فیصد اور ایشیائی آبادی میں اڑھائی سے تین فیصد نی ایندرتال DNAہے۔سیدنا امام جعفرؑ اور امام ابنِ تیمیہ نے رائے ظاہر کی ہے کہ موجودہ نوعِ انسانی سے پہلے کم از کم دو نوعِ انسانی مکمل طور پر معدومی کا شکار ہو چکی ہیں۔واﷲ اعلم۔





Source link

Continue Reading

Today News

چراغ طور جلاؤ بڑا اندھیرا ہے

Published

on


خدیجہ چھ بچوں کی ماں ہے، بڑی بیٹی پندرہ سال کی ہے، جو اس کے ساتھ ہی کام پر آتی ہے اور گھروں میں جھاڑو پونچھا کرتی ہے، برتن دھوتی ہے، دونوں ماں بیٹیاں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کام کرتی ہیں، مختلف گھروں سے انھیں کھانا وغیرہ مل جاتا ہے جو وہ شام کو لے کر گھر جاتی ہیں۔ خدیجہ کا دوسرے نمبرکا بیٹا ایک موٹر مکینک کے پاس کام کرتا ہے، اس کا شوہر نشئی ہے۔

تینوں افراد کل ملا کر پینتالیس ہزار کما لیتے ہیں، شوہر خدیجہ سے مار پیٹ کر رقم نشے کے لیے چھین لیتا ہے، برسوں سے کام نہیں کرتا، بس بچے پیدا کیے ہیں یا بیوی کو مارتا ہے، دس ہزار گھر کا کرایہ چلا جاتا ہے، گیس بجلی کے بل الگ ہیں، خدیجہ روز ہی پٹتی ہے لیکن شوہر سے طلاق نہیں لیتی کہ برادری والے کیا کہیں گے۔ میں نے ایک بار اس سے کہا کہ وہ پولیس سے نشئی شوہر کی شکایت کر دے اور یہ بتائے کہ وہ اس کو مارتا پیٹتا ہے تو یہ سن کر خدیجہ رو پڑی اور بولی کہ ’’ باجی! میں یہ نہیں کر سکتی کیونکہ برادری میں ہر تیسرا آدمی نشئی ہے۔‘‘ خدیجہ اور اس کے بچے مل کر کام کر رہے ہیں، لیکن غربت ان کا مقدر ہے،کمانے والے تین اور کھانے والے آٹھ۔ اگر گھروں سے کھانا نہ ملے تو ان کو فاقہ کرنا پڑے، مہنگائی نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔

کریم، چالیس سال کا ہے، چار بچے ہیں، کل چھ افراد ہیں اور کمانے والا ایک۔ گھر کرائے کا ہے، کریم بولٹن مارکیٹ پر ایک دکان پرکام کرتا ہے، جہاں سے اسے پندرہ سو روپے روزانہ ملتے ہیں، گھر میں نہ بستر ہیں نہ ہی بیڈ، ننگے فرش پر ایک پلاسٹک بچھا ہے، اس پر ایک پتلا سا گدا، تمام افراد اسی پر سوتے ہیں۔ اگر دکھ بیماری کی وجہ سے کریم کو چھٹی کرنی پڑ جائے تو تنخواہ نہیں ملتی، کسی اور وجہ سے اگر وہ ملازمت پر نہ پہنچ سکے تب بھی تنخواہ نہیں ملتی۔ گھر کا کرایہ اور گیس بجلی کے بل دے کر کھانے کو اتنا نہیں بچتا کہ پیٹ بھر کر کھانا نصیب ہو، کریم آدھے پیٹ کھانا کھاتا ہے تاکہ بچے بھوکے نہ رہیں۔ مہنگائی نے جینا عذاب کر دیا ہے، بنیادی چیزیں مہنگی ہیں، کہاں سے خریدیں؟ آٹا، چاول، دال، سبزی، کوکنگ آئل، لہسن ادرک، دھنیا، مرچیں، ہلدی، پیاز یہ سب بنیادی چیزیں ہیں جن کی ضرورت ہر گھر میں ہوتی ہے، کم آمدنی والے کہاں سے خریدیں اور کہاں سے کھائیں؟

دانش صاحب ریٹائرڈ پروفیسر ہیں، گھر میں بیوی کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہیں، پنشن میں گزارا مشکل سے ہوتا ہے۔ ان کا گھر اپنا ہے لیکن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کے بھی چھکے چھڑا دیے ہیں، ہر چیز مہنگی، گوشت، چکن، مچھلی اور مٹن ہر شے مہنگی ہو گئی ہے۔ ہر مارکیٹ میں قیمتیں مختلف، دکاندار سے کہو کہ پچھلی دکان والا تو آلو بخارا تین سو ساٹھ روپے کا ڈھائی سو گرام دے رہا ہے اور آپ چار سو روپے کا دے رہے ہیں تو وہ منہ پھاڑ کر کہتا ہے ’’ تو وہیں سے لے لیں، میں تو اتنے میں ہی بیچوں گا۔‘‘

اسی طرح ڈرائی فروٹ کی قیمتیں ہر دکان پر الگ الگ ہیں، کوئی چیک کرنے والا نہیں۔ گوشت، سبزی اور دیگر اشیا کے نرخ ہر دکان پر الگ الگ ہیں، وہ زمانے کیا ہوئے جب فوڈ انسپکٹر مارکیٹ میں اشیا کے نرخ چیک کرنے آیا کرتے تھے اور مقررکردہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے چالان بھی کرتے تھے لیکن اب سب کچھ ختم ہوگیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی جب اقتدار میں آئے تو ہر روز وہ یہ کہتے نہیں تھکتے تھے کہ (ن) لیگ اور پی پی کے لوگ جو دولت باہر لے گئے ہیں وہ لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائیں گے لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا، البتہ ان کی عادتوں نے انھیں جیل پہنچا دیا، ان پر اور ان کی اہلیہ پر تحائف خرد برد کرنے کے جرم میں وہ پابجولاں ہوگئے۔

اسلام کے نام پر بنے ہوئے ملک میں ہر طرف ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، مہنگائی کا جن کئی برسوں سے بوتل سے باہر ہے۔ ملک کا خدا ہی حافظ ہے، کسی کو بھی اس ملک سے محبت نہیں۔ ہر طرف لوٹ مار ہے، حکمرانوں کے خزانے بھرے ہوئے ہیں، سیاستدانوں، ایم پی ایز، ایم این ایز، مقتدر طبقے اور امیروں کے لیے زندگی ایک سنہرا خواب ہے اور باقی لوگوں کے لیے ایک بھیانک سپنا ہے۔

اس ملک میں قیادت کا فقدان ہے۔ جب اقتدار میں رہ کر لوٹ کھسوٹ کرتے ہیں تو ان سے نہ کوئی پوچھنے والا نہ روکنے والا، اور جب وہ اپوزیشن میں آتے ہیں تو حکومت پہ تنقید کرنے لگتے ہیں۔ ہمارے ملک میں میوزیکل چیئر کا یہ کھیل آخر کب تک کھیلا جائے گا؟ ایک سیاستدان نے  سیاسی بیان دیا ہے کہ ملک کے اگلے وزیر اعظم بلاول ہوں گے، یعنی میوزیکل چیئر تبدیل ہونے والی ہے۔ طے کر دیا گیا ہے کہ کب اور کون اگلی بار وزیر اعظم بنے گا۔ ساتھ میں امریکا کی آشیر واد بھی ضروری ہے۔ موجودہ منظرنامہ دیکھ لیجیے، زرداری صاحب مقتدرہ کی عنایت سے صدر بن گئے۔ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ عوام کا حافظہ بہت کمزور ہے، لیکن پیکا ایکٹ نہ ہوتا، صحافیوں اور کالم نگاروں کی زبان بندی نہ ہوتی تو آپ دیکھتے کہ کیسے کیسے اداریے لکھے جاتے اور کیسے کیسے کالم لکھے جاتے۔ عام آدمی کو نہ حکومت سے دلچسپی ہے نہ حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ سے سروکار، انھیں تو دو وقت کی روٹی درکار ہے۔

حکومت نے مہنگائی اس لیے بڑھا دی ہے کہ عام آدمی اپنے روز و شب میں الجھ کر رہ جائے، دنیا بھر میں انقلاب ہمیشہ متوسط طبقہ لے کر آتا ہے کیونکہ اس کے پاس عقل اور سمجھ دونوں ہوتی ہیں، وہ تعلیم یافتہ بھی ہوتا ہے، اس لیے غلط کو غلط کہنے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ غریب اپنی روزی روٹی کے چکر سے نہیں نکل سکتا اور امیر طبقہ اپنی عیاشیوں میں مگن رہتا ہے لیکن پیکا ایکٹ نے سب کی زبانیں کاٹ دی ہیں، سوچ پر پہرے بٹھا دیے ہیں۔

 گزشتہ پانچ سال سے مہنگائی اس شدت سے بڑھی ہے کہ غریب اب مرنے کو ترجیح دینے لگا ہے، حکمرانوں کو کوئی یہ سبق دے کہ اگر آپ کو من مانی کرنی ہے، لوٹ کھسوٹ کرنی ہے، چور بازاری کرنی ہے، مال بنانا ہے، ایک فیکٹری سے کئی فیکٹریاں بنانی ہیں، لندن میں فلیٹ خریدنے ہیں، سرے محل خریدنا ہے، دانت کے درد کا علاج لندن میں کرانا ہے، نزلہ زکام کا علاج امریکا اورکینیڈا میں کروانا ہے، قومی خزانہ خالی کرکے اپنے خزانے بھرنے ہیں، لوٹ مارکرنی ہے، تو ضرور کیجیے۔ صرف مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دیجیے اور پھر ساری زندگی عیاشی کیجیے۔

مزدور مر رہا ہے، روزانہ اجرت پرکام کرنے والا مصیبت کا شکار ہے، ملک میں ڈکیتیاں بڑھ گئی ہیں، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جب سیدھی طرح گھی نہ نکلتا ہو تو انگلیوں کو ٹیڑھا کرنا پڑتا ہے۔ بڑھتے ہوئے جرائم کے پیچھے یہی ٹیڑھی انگلیاں ہیں۔ مہنگائی کا جن چیختا چنگھاڑتا، شور مچاتا اور دھاڑتا ہوا آ چکا ہے اور انسانوں کو جیتے جی مار رہا ہے۔ مہنگائی کی یہ آگ کسی دشمن نے نہیں بلکہ حکومت نے خود لگائی ہے۔ ریاستی بے حسی نے اس پر جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، یہ سارے ارکان اسمبلی جنھیں شاید ڈیسک بجانے کے بھی بھرپور پیسے ملتے ہیں۔ یہ بجٹ تقاریر کے دوران شور و غوغا بہت کرتے ہیں، لیکن عوام کے لیے ان کے اندر کوئی نرم گوشہ نہیں ہوتا۔ سب اپنے مفادات کا کھیل ہے، حکمرانوں کی بے حسی، مفاد پرستی اور ناعاقبت اندیشی سے عوام پر مسلط کی گئی مہنگائی پورے معاشرے کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ اس سماج میں صرف، ڈاکٹر، قصائی اور سیاستدان عیش کر رہے ہیں، معاشرے کا دو فی صد طبقہ ہر طرح کے عیش و عشرت کا حق دار ہے، بقیہ اٹھانوے فی صد کی مہنگائی کی تلوار سے نسل کشی کی جا رہی ہے۔ مہنگائی کے اس طوفان نے تعلیم کو بھی متاثر کیا ہے۔ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کی لاکھوں میں فیس نے ذہین طلبا پر تعلیم کا شعبہ بھی بند کر دیا ہے۔ ماں باپ روکھی سوکھی کھا کر بچوں کی فیسیں ادا کرتے ہیں، پرائیویٹ اسکول والے بھی الٹی چھری سے والدین کو ذبح کر رہے ہیں۔ کسی کی کوئی پکڑ نہیں ہے۔ غریب کا بچہ اسکول نہیں جاتا بلکہ کسی موٹر مکینک کے ہاں ’’چھوٹا‘‘ بن جاتا ہے جو استاد کو پانا اٹھا کردیتا ہے۔ سرکاری اسپتال قصائی گھر بن گئے ہیں، غریب آدمی علاج بھی نہیں کروا سکتا۔ سرکاری اسپتالوں میں رشوت اور سفارش کے بغیر علاج ممکن نہیں ہوتا۔ یہ حکمران اگر صرف مہنگائی کم کروا دیں تو بے شک عیش کریں، انھیں کوئی کچھ نہ کہے گا۔ کاش! ہمارے نام نہاد حکمران جن کے پاس اربوں روپیہ مال دولت، سونا، ہیرے جواہرات ہیں، اس لیے ان سے کوئی امید رکھنا حماقت ہے۔ شاید کبھی قدرت کو رحم آ جائے اور کوئی سچا اور کھرا حکمران پاکستان کو بھی میسر آ جائے لیکن جن لوگوں نے قائد اعظم پہ رحم نہیں کیا وہ ایمان دار حاکم کو کیسے برداشت کریں گے۔





Source link

Continue Reading

Today News

قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

Published

on



اسلام آباد:

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور وطن عزیز کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

افغان جارحیت کے خلاف جاری آپریشن ضرب للحق کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ ملک کے امن اور تحفظ پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی، جبکہ افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق افواج پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے لیکن ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے متحد ہے۔





Source link

Continue Reading

Trending