Today News
وفاقی وزیرِ تعلیم کا ملک بھر میں “نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ” مہم کے آغاز کا اعلان
وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں “نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ” مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بھی بچہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت تعلیمی اداروں کی تعداد، ان کی حالت اور سہولیات کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔ عمارتوں کی کمی کی صورت میں مساجد اور گھروں میں بھی تعلیم کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں 100 فیصد بچوں کا اسکول میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A پر مکمل عملدرآمد حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسکولوں سے باہر بچوں کے لیے “فیڈرل ایکشن پلان 2025-2030” تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت گھر گھر جا کر بچوں کی نشاندہی اور میپنگ کی جائے گی، اسکولوں میں سیکنڈ شفٹ متعارف کرائی جائے گی، متبادل تعلیمی راستے اور ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرامز فراہم کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈز کے ذریعے داخلوں اور حاضری کی شفاف نگرانی ہوگی، تاکہ غربت اور جغرافیائی دوری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو اس قومی مشن میں حکومت کا ساتھ دینا ہوگا کیونکہ تعلیم ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب انہیں وزارت ملی تو تعلیمی اعداد و شمار تشویشناک تھے، جس پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعلیمی ایمرجنسی سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں میں تعلیم کے رجحان کو بڑھانے اور سماجی سوچ میں تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے لیے گلی محلوں تک پہنچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس مہم کو علامتی نہیں بلکہ عملی اور وقت کی پابند بنائے گی اور زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لا کر ہر بچے کا مستقبل محفوظ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی دعوت دی کہ وہ آؤٹ آف اسکول بچوں کے داخلے کے لیے فرنٹ فٹ پر آ کر کردار ادا کرے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ دنیا تعلیمی معیشت کی جانب بڑھ رہی ہے، اور پاکستان کو بھی ترقی کے اس سفر میں تعلیم کو مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔
Today News
پی ایس ایل برانڈ پارٹنرشپ رائٹس تاریخی بلندی کو چھوتے ہوئے نئے دور میں داخل
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے برانڈ پارٹنرشپ رائٹس تاریخی بلندی کو چھوتے ہوئے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے برانڈ پارٹنرشپ حقوق کی چار سالہ مدت (2026 تا 2029) کے لیے بولی کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔
یہ معاہدہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 سے نافذ العمل ہوگا۔
بورڈ کے مطابق برانڈ پارٹنرشپ میں چھ کیٹیگری رائٹس اور ایک امپائر برانڈنگ رائٹ شامل ہے۔
شفاف طریقہ کار کے تحت مالی بولی کھولنے سے قبل ریزرو پرائس کا اعلان کیا گیا تھا، جسے ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای نے نمایاں طور پر عبور کرتے ہوئے حقوق حاصل کر لیے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ لیگ کی تاریخ کی ریکارڈ ڈیل ہے، جس کی مالیت 2016 میں شروع ہونے والے افتتاحی ایڈیشن کے مقابلے میں 1226 فیصد زیادہ ہے۔
ٹرانس گروپ کے گروپ ڈائریکٹر راؤ عمر ہاشم نے کہا کہ ان کی کمپنی لیگ کے نئے دور میں پی سی بی کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس پیش رفت کو لیگ برانڈ پر اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سیزن میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں دو نئے وینیوز سمیت ملک بھر میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
Today News
امریکا میں شدید برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ
واشنگٹن: شمال مشرقی امریکا میں آنے والے شدید برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔
تیز ہواؤں اور ریکارڈ برفباری کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں تین فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جو کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑنے کے مترادف ہے۔
اسی طرح نیویارک سٹی کے معروف مقام سینٹرل پارک میں تقریباً 20 انچ برف پڑی، جس سے سڑکیں اور رہائشی علاقے مکمل طور پر برف میں ڈھک گئے۔
ریاست میساچوسٹس میں حکام نے شدید طوفان کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک بھر میں 5600 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ادھر بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہونے سے لاکھوں صارفین مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں بجلی کی بحالی اور سڑکوں کی صفائی کے لیے کام کر رہی ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ برفباری اور سردی کی شدت آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، جس سے مزید سفری اور شہری مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
Today News
لاہور میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل، ہوشربا انکشافات
لاہور کے علاقے شادمان میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر، ساس اور تین دیوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ مقتولہ کے والد محفوظ احمد کے بیان پر درج کیا گیا۔
مقدمہ کے متن کے مطابق قتل کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جس میں خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ انہوں نے 12 سال قبل بیٹی کی شادی پر 150 تولہ سونا دیا، تاہم شوہر اور سسرالی افراد مسلسل بیٹی کو تنگ کرتے رہے۔
مدعی کے مطابق بیٹی کا شوہر اکثر جھگڑا کرتا تھا اور بیٹی کا گھر بسانے کے لیے ڈیفنس میں کمرشل پلاٹ اور برانڈتھ روڈ پر دکان بھی دی گئی۔ اس کے باوجود شوہر، ساس اور دیور مزید ساڑھے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مقدمہ میں بتایا گیا کہ مدعی نے ایک کروڑ روپے اپنے ملازم کے ذریعے داماد اسماعیل کو بھجوائے، جبکہ ملزم مقتولہ کی گاڑی فروخت کرنا چاہتا تھا، جس پر جھگڑا ہوا اور بعد ازاں قتل کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر سمیت بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
-
Tech2 weeks ago
The Compressed Timeline Of The AI Revolution
-
Entertainment2 weeks ago
Reality Behind Hania Aamir’s Wedding Video
-
Tech2 weeks ago
3 Reasons The Galaxy S26 Ultra Plays It Safe (And Why It Might Work)
-
Tech2 weeks ago
PTA Reveals Top Mobile Networks of Q4 2025
-
Tech2 weeks ago
Telegram Gets a Refreshed Look — Update Now Available in Pakistan
-
Entertainment3 days ago
Atiqa Odho’s Surprising Opinion on Aurat March
-
Entertainment2 weeks ago
Heartbreaking Moment as Army Martyr’s Father Faints Receiving Son’s Belongings
-
Tech1 week ago
Samsung Promotes New Feature Ahead Of Galaxy S26 Ultra Launch