Today News
ڈپلومیسی کے جدید طریقوں کی ضرورت
افغانستان سے ہونے والے مسلسل دہشت گردی کے حملوں کے خاتمہ کے لیے پاکستان کی فوج جوابی کارروائی میں مصروف ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا دعویٰ ہے کہ اس دفعہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ’’ غضب للحق‘‘ جاری رہے گا۔ حقائق ظاہر کرتے ہیں کہ اس آپریشن میں افغانستان کی فوج کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے، البتہ افغانستان حقیقت کا ادراک کرنے کو تیار نہیں ہے، یوں تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کو مکمل حل کرنے کے لیے پاکستان کو ڈپلومیسی کے جدید طریقوں کو ضرور آزمانا چاہیے۔کچھ مبصرین اپنے تبصروں میں اس نکتے کو اہمیت دے رہے ہیں کہ افغانستان میں رجیم چینج ہی مسئلے کا حقیقی حل ہے، مگر یہ حکمت عملی ماضی میں ناکام ہوچکی ہے۔ ترکیہ، قطر اور سعودی عرب، چین اور روس ،افغانستان اور پاکستان میں مصالحت کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوجائے مگر یہ جنگ بندی پھر عارضی ہوگی۔
طالبان حکومت کے قیام کے وقت اسلام آباد پر تحریک انصاف کی حکومت تھی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کابل پر طالبان کے قبضے کو عظیم فتح قرار دیا تھا۔ سابقہ حکومت نے ٹی ٹی پی کے ہزاروں ہتھیاربند لوگوں کو سابقہ قبائلی علاقے میں دوبارہ آباد ہونے کی اجازت دی تھی، یوں ان لوگوں کو سابقہ فاٹا کے مختلف شہروں میں اپنی رٹ قائم کرنے کا موقع دیا گیا، اس بناء پر ان دہشت گردوں نے اس علاقہ میں متوازی حکومت قائم کرلی تھی اور خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں خودکش حملے شروع ہوگئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے بہت سے افسران اور جوان طالبان کی دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ سابقہ قبائلی علاقہ کے تمام شہر مسلسل دہشت گردی کی وارداتوں کا شکار ہیں۔ وادئ تیراہ میں آپریشن کے لیے آبادی کا انخلا کرایا گیا ۔ ان طالبان دہشت گردوں نے خیبر پختون خوا میں تو دہشت گردی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہی تھے، اب مسلح افواج کے جوابی حملے میں صورتحال بہتر ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ایک سال سے زیادہ کے عرصے سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتارکر کے سرحد پار پہنچانے کا سلسلہ جاری کیا ہوا ہے۔ اب تک کئی ہزار افغان باشندے پاکستان چھوڑ کر جاچکے ہیں۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان گزشتہ دو برسوں سے تجارت بند ہے۔ افغانستان نے 1948ء میں پاکستان کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ افغانستان میں سوویت یونین کی افواج داخل ہوئیں۔ امریکا اور پاکستان نے افغان مجاہدین کی مدد کی، یوں سوویت افواج واپسی پر مجبور ہوئیں اور افغان مجاہدین کابل پر قبضے میں کامیاب ہوئے مگر یہ افغان مجاہدین وار لارڈ بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی امریکا کی افغانستان سے دلچسپی ختم ہوگئی۔ افغانستان میں وار لارڈ کی حکومتیں قائم ہوگئیں۔ پیپلز پارٹی کی تیسری حکومت میں کابل پر طالبان کی حکومت قائم ہوئی۔ طالبان کی اس حکومت نے انسانی حقوق کی پامالی کی نئی مثالیں قائم کیں۔ طالبان کے پہلے دور میں خواتین کو گھروں میں بند کیا گیا۔
ان سے تعلیم اور روزگار کا حق چھین لیا گیا۔ اسامہ بن لادن نے ملا عمر کی حکومت کو ریگولیٹ کرنا شروع کیا۔ نائن الیون کے واقعہ کے بعد امریکا اور اتحادی فوجوں نے طالبان کی پہلی حکومت ختم کرکے کابل پر قبضہ کیا۔ حامد کرزئی کو کابل کی عبوری حکومت کا سربراہ بنایا گیا۔ بعد میں ڈاکٹر اشرف غنی افغانستان کے دوسرے صدر بنے۔ان کی صدارت کا خاتمہ موجود طالبان حکومت نے کیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی افغان پالیسی کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ حکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے حق میں تھی۔ پی ٹی آئی حکومت کے وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں کا خیال تھا کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو سابقہ قبائلی علاقے میں دوبارآباد کر کے اور افغان طالبان کی حکومت کی حمایت کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آجائیں گے مگر اس حقیقت کو فراموش کردیا گیا کہ ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کا ایجنڈا ایک ہی ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہونے لگا۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپ کر پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو افغانستان بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس دوران پاکستان کے بھارت سے تعلقات مزید خراب ہوگئے۔ بھارت نے طالبان حکومت کی مدد کرنا شروع کی۔ چین اور روس نے بھی افغانستان کی حکومت کو مضبوط کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے۔
روس پہلا ملک ہے جس نے طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا۔ اس صورتحال میں افغانستان کی پالیسی کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ضروری ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ افغانستان کی حکومت کی رجعت پسندانہ پالیسیوں کی بناء پر افغانستان کی معیشت کا انحصار غیر ملکی امداد پر ہے۔ پاکستان روس، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر وغیرہ کو اس بات پر قائل کرے کہ طالبان کی حکومت کی جارحیت روکنے کے لیے اس کی سرزنش ضروری ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس بیانیے کے ساتھ بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش ہونی چاہیے، بھارت کی رائے عامہ کو یہ بات باور کروانی چاہیے کہ اگر طالبان کے طوفان کو نہ روکا گیا تو پاکستان کے علاوہ بھارت بھی اس طوفان کی زد میں آجائے گا۔ اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ اہم کردار ادا کرسکتی ہے، اگر پاکستان ڈپلومیسی کے جدید طریقے استعما ل کرے اور افغانستان کو تنہا کردیا جائے تو افغانستان میں پیدا ہونے والے طوفان کے دباؤ سے طالبان کی حکومت خود ہی گرجائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی صورت کسی گروہ کو دہشت گردی کے لیے سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان میں طالبان کی حامی قوتوں کی سرزنش بھی وقت کی ضرورت ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کی ریاست کا اولیت ایجنڈا مذہب کے نام پر دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
Today News
باب العلم امیرالمومنین سیّدنا علی المرتضیؓ
آپ کا نام علیؓ ہے اور القاب اسد اﷲ، حیدرِ کرار اور مرتضی تھے۔ ابوالحسن اور ابُوتراب آپؓ کی کنیت تھی۔ آپؓ کے والد ابُوطالب رسول کریم ﷺ کے چچا تھے۔ آپؓ کا شمار ایسے نفوس قدسیہ میں ہوتا ہے جنھوں نے رسول کریم ﷺ کو اعلان نبوت سے لے کر وصال تک، خلوت و جلوت میں، سفر و حضر میں، کبھی میدان جنگ میں، کبھی گھر کے اندر اور کبھی باہر دیکھا۔ نبی اکرم ﷺ کے ہونٹوں کی ایک ایک جنبش کو، جسم اطہر کے ہر ایک انداز کو اپنے دل و اذہان میں نقش ہی نہیں کیا بل کہ اپنی طبیعت اور مزاج کی روح میں اتار کر اگلی آنے والی نسلوں تک پہنچایا۔
حضرت علیؓ، نبی کریم ﷺ کے دست و بازو تھے، اور مصائب و آلام کی ہر گھڑی میں آپ ﷺ کے ساتھ رہے۔
آپؓ فرماتے ہیں: ’’جب رسول کریم ﷺ ہجرت کے لیے گھر سے روانہ ہوئے تو آنحضور ﷺ نے مجھے حکم دیا کہ جب میں ہجرت کرکے چلا جاؤں تو میرے گھر میں ٹھہرے رہنا اور میرے پاس لوگوں کی جو امانتیں رکھیں گئی ہیں وہ واپس لوٹا دینا۔ اسی لیے رسول اکرم ﷺ ’’امین‘‘ کہلاتے تھے۔ میں نے نبی اکرم ﷺ کے گھر تین دن قیام کیا اور سب کے سامنے رہا۔ ایک دن کے لیے بھی نہیں چھپا۔،، (طبقات)
اسی طرح غزوۂ بدر میں حضرت علیؓ کی شجاعت لوگوں کے سامنے آئی جب آپؓ نے نام ور قریشی سردار عقبہ بن ربیع کو جہنم رسید کیا۔ جو اس دن اپنے سرخ اونٹ پر سوار تھا اور اپنے قومی و خاندانی تعصب میں سر سے پاؤں تک رنگا ہُوا تھا۔ حضرت علیؓ نے اس کی تلوار سے اس کا کام تمام کیا۔ اس دن رسول اکرم ﷺ کا جھنڈا حضرت علیؓ کے ہاتھ میں تھا۔ حضرت علیؓ نے اس جھنڈے اور تلوار کا حق ادا کردیا۔ سیدنا علی ؓ کے بارے میں تمام سوانح نگا ر لکھتے ہیں کہ وہ غزوۂ بدر و خیبر سمیت تمام غزوات میں نبی اکرم ﷺ کے علم بردار رہے۔
غزوۂ بدر کے بعد حضرت علیؓ کو ایسا اعزاز حاصل ہُوا جس نے ان کی عظمت کو چار چاند لگا دیے۔ یہ اعزاز حضرت علیؓ کی رسول کریم ﷺ کی چہیتی صاحب زادی حضرت فاطمہ ؓ سے شادی خانہ آبادی کا تھا۔ اور اﷲ تعالی نے روز ازل سے ان کے لیے یہ عظمت و نعمت مقدر کررکھی تھی۔ حضرت علیؓ اور حضرت فاطمہؓ کی زندگی امت کے لیے لازوال نمونہ تھی۔ حضور نبی کریم ﷺ کے وصال کے بعد حضرت علیؓ کی شخصیت مزید ابھر کر سامنے آئی۔ آپؓ فقیہہ، مجتہد اور مفسر قرآن ہونے کے ساتھ بہترین فیصلہ کرنے والے بھی تھے۔ دوسرے علوم و فنون کی طرح نبی مکرم ﷺ کی روایت نگاری میں بھی حضرت سیدنا علی المرتضیؓ قیادت کے اعلی ترین منصب پر فائز ہیں۔ آپ ؓنے نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو شروع سے آخر تک بہت قریب سے دیکھا تھا اسی لیے آپؓ کی معلومات و روایات کو مستند تسلیم کیا جاتا ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت علی ؓکے عدالتی فیصلوں اور فقہی فتاوٰی کی خود تعریف فرمائی۔ آپؓ کی فقہی مہارت اور اجتہادی بصیر ت ہی کا نتیجا تھا کہ ایک موقع پر نبی کریم ﷺ نے انھیں ’’اقضاکم‘‘ (تم میں سے اچھے، سب سے بڑے قاضی) قرار دیا۔ اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ سے جب کبھی مسائل کے بارے میں پوچھا جاتا تو آپؓ لوگوں کو حضرت علیؓ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیتیں۔
رسول اکرم ﷺ نے آپؓ کو شہادت کی بشارت پہلے ہی دے دی تھی۔ چناں چہ آپؓ اپنے آپ کو خود ہی مخاطب کر کے فرمایا کرتے تھے: ’’اے علیؓ! اگلوں میں سب سے زیادہ شقی وہ تھا جس نے صالحؑ کی اونٹنی پیر کاٹے تھے اور پچھلوں میں سب سے زیادہ شقی وہ ہے جو تمہاری داڑھی کو خون سے رنگین کرے گا۔‘‘
امیرالمومنین سیدنا علی المرتضیؓ کی عادت تھی کہ نماز کے لیے بہت سویرے مسجد میں تشریف لے جاتے۔ ابن ملجم راستے میں چھپ کر بیٹھ گیا۔ بس جیسے ہی آپ ؓ وہاں پہنچے اس نے آپؓ کی پیشانی مبارک پر تلوار کا وار کیا جو دماغ تک جا پہنچا اور آپؓ خون سے نہا گئے اور داڑھی مبارک خون سے تر ہوگئی۔ حضرت امام حسینؓ فرماتے ہیں کہ میں پیچھے چلا آرہا تھا یکایک مجھے تلوار کی چمک محسوس ہوئی اور میں نے امیرالمومنینؓ کو زمین پر گرتے اور یہ کہتے ہوئے سنا :
’’قسم ہے رب کعبہ کی میری آرزو پوری ہوئی۔‘‘
اس حملے کے بعد لوگ چاروں طرف سے دوڑ پڑے اور ابن ملجم کو پکڑ لیا گیا۔ ابن ملجم کو حضرت علیؓ کے سامنے پیش کیا گیا۔ آپ ؓ نے اسے اپنے سامنے قتل نہیں ہونے دیا۔ بلکہ فرمایا! یہ تمہارا قیدی ہے اس کے ساتھ کوئی سختی نہ کرنا، جو کچھ خود کھانا وہی اسے کھلانا۔ پھر فرمایا: اگر میں اچھا ہوگیا تو پھر مجھے یہ اختیار ہے کہ اگر میں چاہوں تو سزا دوں گا ورنہ معاف کر دوں گا اور اگر میں اچھا نہ رہا تو پھر یہ کرنا کہ اس نے ایک ضرب ماری تھی تم بھی اس کو ایک ضرب ہی لگانا۔ پھر اپنے صاحب زادوں حضرت امام حسنؓ اور حضرت حسینؓ کو بلا کر وصیت لکھوائی اور دو دن انتہائی کرب کی کیفیت میں گزارنے کے بعد اکّیس رمضان المبارک کی صبح اپنی جان خالق حقیقی کے سپرد کر دی۔
Today News
وزیر داخلہ سندھ، آئی جی اور میئر کراچی کا مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
کراچی:
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار ، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو ، کراچی پولیس چیف آزاد خان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔
بعدازاں نمائش چورنگی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو جو واقعہ ہوا اس کی انکوائری ہو رہی ہے اور اس حوالے سے کچھ بھی کہنا اس وقت قبل از وقت ہے۔
انھوں نے کہا کہ جہاں ایڈمنسٹریشن میں کمی نظر آئیگی پولیس افسران کا تبادلہ کیا جائیگا، پولیس ہائی الرٹ ہے جبکہ میئر کراچی بھی خود وزٹ کر رہے ہیں جبکہ ان کی ٹیم بھی متحرک ہے۔
دریں اثنا پولیس کی جانب سے یوم شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور بڑی گاڑیاں کھڑی کر کے سیل کر دیئے۔
آج یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے رات گئے مرکزی جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والی مارکیٹوں ، دکانوں اور راستوں کو بم ڈسپوزل یونٹ سے سوئپنگ کے بعد سیل کیے جانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایم اے جناح روڈ ، گرومندر سے ٹاور تک جبکہ صدر دواخانہ ایمپریس مارکیٹ سے ریگل چوک تک مرکزی جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور بڑی گاڑیوں کی مدد سے سیل کر کے نفری کو بھی تعینات کر کے انھیں ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔
سیل کیے گئے راستوں سے نہ تو کسی کو جلوس میں داخل اور وہاں سے باہر جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ، آخری اطلاعات آنے تک مرکزی جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والے راستوں کو سیل کیے جانے کا عمل جاری تھا۔
Today News
مجسّم عدل و انصاف امیر المومنین حضرت علی کرم اﷲ وجہہ
فرمان الٰہی ہے، مفہوم: ’’ہم نے بھیجا اپنے رسولوں کو روشن دلیلوں کے ساتھ کتاب اور میزان دے کر تاکہ لوگ انصاف قائم کریں اور ہم نے لوہا نازل کیا جس میں بڑی طاقت ہے اور فائدہ ہے انسانوں کے لیے تاکہ ہم یہ بتائیں کہ اﷲ اور اس کے رسولوں کی بغیر دیکھے کون مدد کرنے والا ہے، بے شک! اﷲ قوت والا، غالب ہے۔‘‘ (سور الحدید)
یہ ان مختصر ترین آیات میں ہے جس میں خدا نے اپنے نظام ہدایت کا مکمل طور پر تعارف کرایا۔ کتاب، علم کا استعارہ ہے، میزان عدل کا اور لوہا مدافعت کا۔ ان استعاروں کے حوالے سے اس آیت میں خداوند عالم نے اپنے پیغمبروں کو عالم انسانیت کے لیے علم اور عدل کا پیغام دینے کے لیے بھیجا اور اس علم اور عدل کے پیغام کا مقصد یہ تھا کہ لوگ اپنے معاشرے میں انصاف قائم کریں۔ علم اور عدالت، اسلامی یا انسانی معاشرے کی پہچان ہیں اور پھر یوں بھی ہوتا ہے کہ جہل اور ظلم کے کارندے انسانوں پر اپنا غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، اس صورت میں انصاف پرور معاشروں میں اتنی توانائی بھی ہونی چاہیے کہ وہ مدافعت کرسکیں۔
ماہ صیام کے آخری عشرے کی ابتداء پر ہم امیرالمومنین علی ابن ابی طالبؓ کی شہادت کی یاد مناتے ہیں اور یہ یادیں اس لیے منائی جاتی ہیں کہ ہم ان شخصیات کی معرفت حاصل کریں۔ حضرت علیؓ کے بارے میں جناب رسالت مآب ﷺ فرماتے ہیں: ’’میں علم کا شہر ہوں اور علیؓ اس کا دروازہ ہیں۔‘‘ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والے علیؓ ہیں۔ علیؓ کی یوم خندق کی ایک ضربت عبادت ثقلین سے زیادہ افضل ہے۔ اور ان تینوں فضیلتوں کا مقصد جیسا کہ مندرجہ بالا آیت میں کہا گیا یہ ہے کہ لوگ انصاف کریں۔
خود جناب امیرؓ علم اور عدل کے حوالے سے اپنا منشور حیات اس طرح بیان فرماتے ہیں:
’’اس خدا کی قسم! جس نے دانے کو شگافتہ کیا اور ہر ذی روح کو پیدا کیا، اگر مددگاروں کی وجہ سے محبت تمام نہ ہوگئی اور علماء سے خدا کا عہد یہ نہ ہوتا کہ ظالم کی شکم سیری اور مظلوم کی بھوک سے سمجھوتا نہ کریں تو میں ناقۂ خلافت کی باگ ڈور اسی کی پشت پر ڈال دیتا۔‘‘
آپؓ نے فرمایا: ’’ملک کفر سے تو چل سکتا ہے لیکن ظلم سے نہیں چل سکتا۔‘‘
ایک اور موقع پر آپؓ طبقاتی نظام کا اس طرح تجزیہ کرتے ہیں:
’’میں نے کوئی وافر دولت ایسی نہیں دیکھی جس کے پہلو میں غصب شدہ حق نظر نہ آئے ہوں۔‘‘ ایک مرتبہ کسی نے آپؓ سے پوچھا: خدا کا قول ہے ہم نے زمین پر رہنے والے ہر ذی روح کے لیے روزی پیدا کی ہے تو پھر بعض لوگ بھوکے کیوں رہ جاتے ہیں۔۔۔ ؟
آپؓ نے جواب دیا: ’’اس لیے کہ مال دار نے اس کے حصے کی روزی غصب کرلی۔‘‘
ایک خط میں آپؓ طبقہ اشرافیہ کے کردار کا اس طرح تجزیہ فرماتے ہیں:
’’یاد رکھو! خوش حالی کے زمانے میں حاکم کے لیے سب سے بڑا بوجھ، معیشت کے وقت جی چرانے والا، بخشش و عطا کے موقع پر سب سے کم شکر گزار ہونے والا، محرومی پر کوئی عذرت نہ سننے والا۔‘‘
پھر آپؓ نے اپنے گورنر کو ہدایت فرمائی کہ زمانے کی ابتلاء میں سب سے کم ثابت قدم رہنے والا یہ خواص کا طبقہ ہی ہے۔ تمہیں وہ طریقہ اختیار کرنا چاہیے جو حق کے لحاظ سے بہترین، انصاف کے لحاظ سے سب سے بہتر اور عوام کی مرضی کے مطابق ہو، کیوں کہ عوام کی ناراضی خواص کی رضا مندی کو بے اثر بنا دیتی ہے اور خواص کی ناراضی عوام کی رضامندی کے ہوتے ہوئے برداشت کرلی جاتی ہے۔
مسلمانوں کی اصل طاقت اور دشمنوں کے خلاف سب سے بڑا دفاع امت کے عوام ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے جس معاشرے میں بھی معاملات پر طبقہ اشرافیہ چھایا رہے گا وہاں طبقاتی خلیج بڑھتی ہی چلی جائے گی اور امیر زیادہ امیر اور غریب زیادہ غریب ہوتا چلا جائے گا۔ عوام کی حالت پر سب سے زیادہ اثر انداز حکومت کی ٹیکس کی پالیسیاں ہُوا کرتی ہیں۔ عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے سلسلے میں حضرت علیؓ کی پالیسی کیا تھی؟ آپؓ فرماتے ہیں: ’’دیکھو! محکمۂ خراج سے زیادہ ملک کی آبادی پر توجہ دینا، کیوں کہ خراج بھی تو خوش حالی سے حاصل ہوتا ہے، جو حاکم تعمیر کے بغیر خراج چاہتا ہے اس کی حکومت یقیناً چند روزہ ثابت ہوگی۔ اگر کاشت کار خراج کی زیادتی کسی آسمانی آفت، آب پاشی میں خلل، رطوبت کی قلت، سیلاب یا خشکی کے سبب فصل کے خراب ہونے کی شکایت کریں تو ان کے لگان کو کم کردینا۔ ملک کی آبادی اور سرسبزی ہر بوجھ اٹھا سکتی ہے۔ لہذا ہمیشہ خیال رکھنا ملک کی بربادی کا سبب تو باشندوں کی غربت ہے اور غربت کا یہ سبب ہوتا ہے کہ حاکم دولت سمیٹنے پر کمر باندھ لیتے ہیں۔ کیوں کہ انہیں زوال کا خوف رہتا ہے اور وہ عبرتوں سے سبق نہیں حاصل کرنا چاہتے۔‘‘
اس گفت گو سے ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ اسلام کی بنیاد عدالت یا سماجی انصاف کا قیام ہے اور حضرت علیؓ نے اپنا سب کچھ قربان کردیا لیکن قیام عدالت کے سلسلے میں ذرّہ برابر انحراف نہیں کیا۔ پرانے دوستوں نے آپؓ کے خلاف تلواریں اٹھالیں، رشتے دار برگشتہ ہوگئے، سلطنت کم زور ہوگئی، مصر کا علاقہ نکل گیا لیکن آپؓ نے انصاف کے خلاف کوئی مصلحت، کوئی سمجھوتا گوارا نہیں کیا۔
گورنر مالک دیکھ رہے تھے کہ لوگ آپؓ سے دور ہوتے جارہے ہیں، جناب امیرؓ کو لکھتے ہیں:
اگر آپؓ بھی بے دریغ مال دینا تقسیم کرتے اور جتھابند اور قابو یافتہ لوگوں کو دوسروں سے زیادہ دیں تو پھر دیکھیے کہ لوگوں کی گردنیں کس طرح آپؓ کی طرف جھکتی ہیں اور ان کی زبانیں آپ کے کیسے کیسے گن گاتی ہیں اور وہ کیسے آپ کے خیر خواہ بن جاتے ہیں۔
حضرت علیؓ کا جواب تھا: ’’اﷲ جانتا ہے، انھوں نے ہم سے علاحدگی اس لیے نہیں کی کہ ہم نے ان پر ظلم و جور کیا اور وہ ہم سے جدا ہوکر کسی عادل کی پناہ میں گئے ہوں۔ ہم سے جدائی کا سبب سوائے طلب دنیا کے اور کچھ نہیں اور دنیا زائل ہونے والی ہے۔‘‘
یہ وہ اصول ہیں جو صرف مسلمانوں تک ہی محدود نہیں بل کہ ہر معاشرے کی فلاح کے ضامن ہیں۔ خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب، کسی قوم یا کسی زمانے سے ہو۔ اب آخری بات ہم جو بہ زعم خود مسلمان ہیں، بل کہ بہترین مسلمان ہیں اور ہم جو اس وقت یعنی رمضان میں بے شمار تلاوت قرآن کے تحفے آپ کے حضور بھیج رہے ہیں، حضرت علیؓ کی شہادت کو یاد کرکے غم زدہ ہیں، ہمارا کیا رویہ ہے اور ہم نے عدالت کے قیام کے لیے کیا کِیا۔۔۔۔ ؟ ہمارا یہ کارنامہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے غریب اور زیادہ مفلوک الحال ہوتا جارہا ہے، ہماری بستیوں میں بھوک، بے روزگاری، بیماریاں، خودکشی کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، مذہب کے نام پر سیاست تو دھوم دھڑکے سے ہو رہی ہے، مذہبی قوانین بھی بن رہے ہیں، نظام اسلام کے نفاذ کے نعرے روز زیادہ ہی بلند بانگ ہوتے جارہے ہیں لیکن سماجی انصاف کے قیام کے لیے کوئی قانون نہیں بنتا۔ بعض لوگوں کی گفت گو محض اپنی محبوب شخصیات سے وابستہ معجزات کے ذکر تک محدود رہتی ہے۔ لیکن یہ بھی تو سوچو کہ اس خانہ خدا میں پیدا ہونے والے نے زمین پر کیسی زندگی گزاری۔۔۔ ؟
-
Tech2 weeks ago
Streamlining Operations and Minimizing OpEx with AI Agents
-
Magazines2 weeks ago
Story time: Chasing the forgotten stars
-
Business2 weeks ago
Tensions slow Pakistani investment in Dubai real estate
-
Business2 weeks ago
Petrol, diesel prices likely to rise by Rs7 for next forthnight
-
Entertainment2 weeks ago
Sidra Niazi Shares Details Of Her Marriage
-
Magazines1 week ago
PRIME TIME: THE RAMAZAN EXCEPTION – Newspaper
-
Magazines2 weeks ago
Story time: The dog without a leash!
-
Magazines2 weeks ago
Story time: The diary of an octopus