Today News
حافظ نعیم روز پریس کانفرنس کرتے ہیں، حلف کیوں نہیں لیتے؟، شرجیل میمن
کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ احتجاج کا حق ہے لیکن عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق کے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حافظ نعیم سندھ اسمبلی کی رکنیت کا حلف کیوں نہیں لیتے؟ پریس کانفرنس تو روز کر لیتے ہیں۔ عوام کا کیا قصور ہے، چند دن پہلے شاہراہ فیصل پر جلسہ کیا کوئی اجازت نہیں لی گئی، لوگ رل جاتے ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ آپ لوگ چاہتے ہو آپکو سرکار سے کوئی اجازت درکار نہیں ہو، سڑکوں کو ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیے۔ پولیس نے جماعت اسلامی کے تمام عہدیداران کو کہا تھا کہ آپ ریڈ زون میں داخل نہیں ہونگے، ہفتے کے دن اسمبلی بند تھی، آج اسمبلی میں آپ نے بات کی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پولیس والوں پر جماعت اسلامی کے کارکنان پتھرائو کر رہے تھے۔ سندھ اسمبلی کے سابق ممبر پولیس پر پتھرائو کروا رہے تھے۔ کیا پولیس والوں کے بچے نہیں ہیں؟ وہ فیملی والے نہیں ہیں؟ زبردستی آپ لوگ ریڈ زون میں داخل ہوئے۔ پتھرائو کے لیے لوگوں کو اکسایا جا رہا تھا۔ اسمبلی میں دو گھنٹے تقریر کریں کس نے منع کیا ہے؟ حکومت کو پیغام پہنچانے کا طریقہ اسمبلی میں بات کرنا ہے۔
قبل ازیں سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہفتہ کو کراچی کے مسائل کے لیے احتجاج کیا، کراچی جو ٹیکس دیتا ہے اُس میں سے اپنا حق مانگ رہے تھے۔ ہم کراچی کے شہریوں کیلئے پانی مانگ رہے تھے۔
محمد فاروق نے کہا کہ احتجاج کا حق بھی چھیننا چاہتے ہو کیا؟ سندھ حکومت سے جواب نہ مانگیں تو کس سے مانگیں؟ مجھے ایک ہفتے میں دو بار لاک اپ کیا گیا، دہشتگردی کی دفعات والی روایات ختم کریں، میرے اوپر دہشتگردی کا مقدمہ درج کریں، کارکنان کو چھوڑیں، میں ان کو لیڈ کررہا تھا۔
جماعت اسلامی کے ایم پی اے نے کہا کہ کراچی کو حق نہیں دیتے تو احتجاج کا حق تو دے دیں، محمد فاروق نے پولیس تشدد سے زخمی ہونے والے کارکنان کی تصاویر بھی ایوان میں دکھا دیں۔
تحریک انصاف کے رکن شبیر قریشی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں ہمارے ایم پی اے اور رہنماؤں پر پولیس نے تشدد کیا، ایسے افراد جو سیاسی کارکنوں نشانہ بنا رہے آپ ان کی حمایت کریں گے؟۔ اگر اسی طرح ہوگا تو سیاسی کارکن کیسے سرگرمیاں کریں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایک ایم پی اے پر تشدد ہوا جس پر ہم شرمندہ اور معذرت خواہ ہیں، سینئر وزیر ہونے کے ناطے حکومت کی جانب سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے واقعات نہ ہوں، ایم پی اے پر تشدد پر ایس ایس پی فدا جانوری کے خلاف ایکشن ہوگا، جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو آپ نے کبھی معافی نہیں مانگی، آپ کی حکومت نے ظلم کے پہاڑ گرائے تھے، جس طرح آپ کے حکومت نے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمے بنائے یاد کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں فریال تالپور کو عید کی رات جیل میں ڈالا گیا، خورشید شاہ اور آغا سراج درانی کو گرفتار کیا گیا، یہ سارے ظلم آپ کی حکومت نے کیئے تھے۔ آپ کی حکومت نے جعلی مقدمے بنائے تھے، یہ سب آپ کے لیڈر کے حکم پر ہوتا تھا۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ شہریار آفریدی قسم اٹھا کر جھوٹ بولتے تھے، پتہ نہیں کیسے اقتدار میں آئے تھے، ان سارے کاموں کی شروعات آپ نے کی تھی، ہماری حکومت میں غلط ہوا تو ہم نے معافی مانگی، ہم میں اتنا دل گردہ ہوتا ہے کہ اپنی غلطی کو مانتے ہیں۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Today News
پاک فوج کی گاڑی پر خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی حافظ گل بہادر سے جاملے
سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی حافظ گل بہادر سے جا ملے، بنوں خودکش حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کر لی، اتحاد المجاہدین کا تعلق فتنہ الخوارج کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس گروہ کا مرکزی سرغنہ گل بہادر اور اس کے اہم کمانڈر افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں، حافظ گل بہادر گروپ افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی اور فتنہ انگیزی میں ملوث ہے، گذشتہ سال 4 مارچ 2025 کو رمضان المبارک کے دوران بھی اسی گروہ نے بنوں کینٹ پر حملہ کیا تھا جس کی منصوبہ بندی افغانستان سے ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ 2 ستمبر 2025 کو فیڈرل کانسٹیبلری بنوں میں ہونے والے فتنہ الخوارج کے حملے کے دوران میجر عدنان شہید نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا، میر علی سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری اس گروپ نے قبول کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بعدازاں ثابت ہوا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری بھی افغانستان سے کی گئی تھی، حافظ گل بہادر سمیت فتنہ الخوارج کے مرکزی سرغنوں کی افغانستان میں موجودگی ثبوت ہے کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی سے واضح ہے کہ دہشتگردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔
شواہد سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد عناصر افغان نژاد یا افغانستان سے مربوط نیٹ ورکس سے تعلق رکھتے ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی سرپرستی خطے میں امن کی کوششوں کو مسلسل سبوتاژ کر رہی ہے۔
Today News
راولپنڈی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق
راولپنڈی:
راولپنڈی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب غلط سمت سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو ٹکر مار کر کچل دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا دوست معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت دانیال کے نام سے کی گئی۔
واقعے کے بعد تھانہ چکری پولیس نے نامعلوم ڈمپر ڈرائیور اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ حادثے میں استعمال ہونے والا ڈمپر بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے چالان کیا جائے گا۔
Today News
سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت مزید بڑھ گئی
کراچی:
سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 71ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 5ہزار 108ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ۔
دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج کاروباری ہفتے کے آخری روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 7ہزار 100روپے کے اضافے سے 5لاکھ 33ہزار 562روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 087روپے بڑھ کر 4لاکھ 57ہزار 443روپے کی سطح پر آگئی۔
علاوہ ازیں مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت 374 روپے کے اضافے سے 8ہزار 948 روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 321روپے کے اضافے سے 7ہزار 671روپے کی سطح پر آگئی۔
-
Tech2 weeks ago
WhatsApp’s Paid Version Will Bring These New Features
-
Tech1 week ago
The Compressed Timeline Of The AI Revolution
-
Magazines2 weeks ago
Story time: Stuck in the 1990s
-
Tech1 week ago
PTA Reveals Top Mobile Networks of Q4 2025
-
Tech1 week ago
Telegram Gets a Refreshed Look — Update Now Available in Pakistan
-
Entertainment2 weeks ago
Pakistani Stars Land From Karachi To Lahore For Basant
-
Tech2 weeks ago
Apple iPhone 17e Release Date: Just Days Away, New Report Claims
-
Sports2 weeks ago
How PSL has reignited the passion for cricket in Hyderabad