Connect with us

Today News

اسرائیل کا سپریم لیڈر خامنہ ای سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ تہران نے مسترد کر دیا

Published

on


اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت متعدد اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے، مگر ایران کی جانب سے اس دعویٰ کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے اعلیٰ عسکری اور جوہری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، پاسدارانِ انقلاب کے کئی اہم کمانڈرز مارے گئے، جبکہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں دہشت گرد حکومت کے مزید ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق خامنہ ای کے رہائشی کمپاؤنڈ پر درجنوں بم گرائے گئے اور ایران بھر میں 500 سے زائد اہداف کو تقریباً 200 اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب تہران نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی محل کے قریب متعدد میزائل گرنے کے باوجود صدر مسعود پزشکیان اور سپریم لیڈر دونوں محفوظ رہے۔

خبر ایجنسی کی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی وزیر دفاع امیر ناصرزادہ اور پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور حملوں میں ہلاک ہو گئے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بحری اور فضائی کارروائیاں کی گئیں، جن میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق سینکڑوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔





Source link

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Today News

چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں

Published

on


ہفتے کی رات کو جب ایرانی میڈیا نے وقت کے فرعونوں خلاف اٹھنے والی سب سے مضبوط تلوار ٹوٹنے کی تصدیق کردی تو دل اس قدر رنجیدہ اور مغموم ہوا کہ ٹی وی بند کردیا مگر شدید دکھ اور غم کی حالت میں نیند کوسوں دور رہی اور رات جاگتے ہوئے کٹی۔

شیرِ میسور ٹیپو سلطان کی شہادت کے بعد سامراجی قوتوں کے ہاتھوں یہ دنیائے اسلام کی سب سے بڑی شہادت ہے۔ ہر خطے اور ہر زبان کا مورخ گواہی دے گا کہ جب پوری دنیا کے حکمران دورِ حاضر کے سامراج کے سامنے خاموش تھے یا قصیدہ گوئی میں مصروف تھے، تو ہلاکت آفرین میزائلوں اور آگ برساتے ہوئے بموں کی بارش میں اگر کوئی سینہ تان کر مقتل میں کھڑا رہا تو وہ صرف اور صرف سیّد علی خامینائی تھا جو آج کی سپر پاور سے نہ ڈرا اور نہ جھکا۔ وہ اپنے آپ کو اُس حکیم الامّت ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا مرید کہتا تھا جو امّتِ مسلمہ کو

 ؎ نکل کر خانقاہوں سے ادا کر رسمِ شبیری کی تلقین کرتا رہا۔

سیّد علی خامینائی اپنی تقریروں میں اپنے مرشد سے کربلا کی رسم نبھانے کا وعدہ کیا کرتے تھے اور پھر دنیا نے دیکھ لیا کہ چھیاسی سالہ بوڑھے شیر نے اپنی اور اپنے خاندان کی جانیں بچانے کے بجائے رسمِ شبیری ادا کرکے دکھادی۔ وہ ایک غیر معمولی راہنما تھا، اس کی نگاہ بلند، سخن دلنواز اور جاں پرسوز تھی، اس کی ہر تقریر اللہ اور رسول اللہ کے بابرکت ناموں سے شروع ہوتی اور انھیں پر ختم ہوتی تھی، اس نے نہ کبھی اختلافی امور کو اچھالا اور نہ ہی مسلک کو دین پر حاوی ہونے دیا۔ وہ حلقۂ یاراں میں سراپا محبّت وشفقت اور رزمِ حق وباطل میں فولاد کی طرح مضبوط تھا۔ دورِ حاضر میں اگر کسی کو دنیائے اسلام کا جینوئن لیڈر اور قائد کہا جاسکتا ہے تو وہ بلاشبہ سیّد علی خامینائی تھے۔ شیرِ ایران جس شان سے مقتل میں گیا ہے وہ تاریخ کا حصہ بن کر صدیوں تک ایرانی نوجوانوں کا لہو گرماتی رہے گی۔ کیا یہ محض اتفاق ہے کہ اُس روز سحری کے بعد پڑھنے کے لیے کتاب اللہ کھولی تو سامنے سورہ آل عمران کی یہ آیات آئیں۔

’’جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں، انھیں مردہ نہ سمجھو، وہ تو حقیقت میں زندہ ہیں اپنے رب کے پاس رزق پارہے ہیں اور جو کچھ اﷲ نے اپنے فضل سے انھیں دیا ہے اس پر خوش وخرّم ہیں۔۔۔۔ اور جب لوگوں نے کہا کہ تمہارے خلاف بڑی فوجیں جمع ہوئی ہیں، ان سے ڈرو، تو یہ سن کر ان کا ایمان اور بڑھ گیا اور انھوں نے جواب دیا کہ ہمارے لیے اللہ کافی ہے اور وہی بہترین کارساز ہے۔‘‘ بلاشبہ سیّد شہید کو امریکا اور اسرائیل کی طاقت سے ڈرایا جاتا تو وہ جواب میں یہی کہتے تھے کہ ’’ہمارے لیے اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے۔‘‘

برِّصغیر میں انگریز سامراج کے خلاف مزاحمت کی آخری چٹان شیرِ میسور ٹیپو سلطان شہید تھا، جس کی شہادت پر انگریز جنرل نے کہا تھا کہ ’’آج سے پورا ہندوستان ہمارا ہے‘‘۔ مشرقِ وسطی اور ساؤتھ ایشیا میں دورِ حاضر کے سامراج کے خلاف مزاحمت کی سب سے توانا آواز سید علی خامینائی تھا۔ جو شیرِ میسور کی طرح آخری سانس تک گرجتا اور للکارتا رہا۔ آہ! وہ آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی۔ سیّد علی خامینائی شہید کے پاکیزہ کردار، غیر متزلزل عزم اور جراتمندانہ موقف کے علاوہ راقم اس لیے بھی ان کا مدّاح تھا کہ وہ وطنِ عزیز پاکستان کے انتہائی مخلص دوست تھے، وہ پاکستان سے محبت کرتے تھے، ممکن ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو کہ پاکستان ان کے مرشد اقبالؒ کے خواب کی تعبیر بھی ہے اور آخری آرام گاہ بھی۔ انھوں نے نوجوانی میں شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ پر ایک کتاب بھی لکھی تھی ’’بلند ترین ستارۂ مشرق۔‘‘ راقم کو دو بار ایران جانے کا اتفاق ہوا۔ دوسری مرتبہ سفیرِ پاکستان کے ہاں قیام تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر راہبرِ اعظم کے ذاتی حکم پر پورے تہران کو پاکستانی جھنڈوں سے سجادیا گیا۔ ان کی یہ خصوصی محبت صرف پاکستان کے لیے تھی، جس پر بھارتی سفارتکار بڑے چیں بچیں ہوتے رہے مگر سیّد شہید نے کوئی پرواہ نہ کی اور کسی کے اعتراضات کو خاطر میں نہ لائے۔ دنیائے اسلام کے اس بطلِ عظیم کی شہادت پوری مسلم دنیا کے لیے وقتِ سوگ بھی ہے اور لمحۂ فکریہ بھی۔ آج سرزمینِ تہران واصفہان کا ذرّہ ذرّہ یہ کہہ رہا ہے کہ

میں آج زد پہ اگر ہوں تو خوش گمان نہ ہو  چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں

اگر مسلم ممالک مصلحتوں کا شکار ہوتے رہے تو سب باری باری شکار ہوتے جائیں گے یا فرمانبردار بنا لیے جائیں گے۔ ویسے تو کسی میں جرات کی کوئی چنگاری نظر نہیں آتی کہ بقولِ اقبال

بجھی عشق کی آگ اندھیر ہے

مسلماں نہیں راکھ کا ڈھیر ہے

لیکن اگر اس راکھ میں کوئی شعلہ اور شرر باقی ہے تو انھیں اپنی بقا کے لیے اپنے اپنے تعصّبات کے بت توڑ کر اور سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور غور کرنا ہوگا کہ دورِ حاضر کا سامراج ایران میں جس رجیم چینج کا خواہشمند ہے اس کا مطلب کیا ہے؟ اس کا واضح مطلب ہے کہ وہ ایران میں اپنے کسی پٹھّو اور کٹھ پتلی کو حکمران بنانا چاہتا ہے۔ دوسروں کے لیے پیغام بڑا واضح (Loud and clear) ہے کہ یا ہمارے پٹھو بن کر رہو یا تمہارے ملک پر آگ اور بارود کی بارش برسا کر اسے تباہ کردیا جائے گا۔ یہ بات بھی اب ڈھکی چھپی نہیں کہ اسرائیل امریکا کی مکمّل پشت پناہی کے ساتھ گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر کام کررہا ہے جس کے تحت وہ پورے مڈل ایسٹ کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ دوسروں پر قبضے اور غلبے کے جنون میں اکیسویں صدی کی ان سامراجی طاقتوں نے یو این او، ہیومن رائٹس، رول آف لاء وغیرہ سب کو روند ڈالا ہے اور دنیا کو پھر بارہویں اور تیرھویں صدی میں دھکیل دیا ہے۔ وہ اب اعلان کرتے پھر رہے ہیں کہ ’’لاٹھی ہمارے پاس ہے اس لیے بھینس ہماری ہے۔ ہمارے پاس اندھی طاقت ہے اس لیے ہم جس ملک پر چاہیں گے قبضہ کرلیں گے، جس کو چاہیں گے تباہ کردیں گے جس کے چاہیں گے وسائل پر قابض ہوجائیں گے اور دل چاہا تو وہاں کے منتخب لیڈر کو اغوا کرکے لے جائیں گے‘‘ کوئی انھیں روکنے والا نہیں۔ کوئی انھیں لگام ڈالنے والا نہیں۔ کہاں ہیں یورپ کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیومن رائٹس اور terrotorial integrity کے نام نہاد چیمپئن۔ امریکی اور اسرائیلی درندوں نے ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر بم گرائے ، یوں سو سے زیادہ بچیاں جاں بحق ہوئی ہیں۔ مگر عورتوں کے حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی زبانیں گنگ ہیں۔۔ آخر کیوں؟

میں نے پہلے روز ہی لکھ دیا تھا کہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں اور ایران پر حملہ، ایک ہی فیکٹری کے تیار کردہ منصوبے ہیں، اسرائیل نے مودی سے کہا اور اس نے افغانستان کو ہَلہ شیری دی کہ وہ پاکستان کی سرحدوں پر حملہ کر دے، افغانی طالبان استعمال ہوئے اور انھوں نے مودی کی ہدایت پر عمل کیا، نتیجتاً پاکستان کو بھرپور جواب دینا پڑا جس سے پاکستان مغربی محاذ میں الجھ گیا اور اسرائیل نے یہ سمجھتے ہوئے پوری تسلّی کے ساتھ ایران پر حملہ کردیا کہ پاکستان اب پچھلی بار کی طرح ایران کی مدد نہیں کرسکے گا ۔ ویسے اسلام کا نام لینے والے افغانی طالبان کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کہ وہ یہود وہنود کے آلۂ کار بن کر ایک اسلامی ملک پر حملے کررہے ہیں، اور بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرتے ہیں۔ تاریخ انھیں اسلام کا غدار اور مشرکوں کا ایجنٹ قرار دے گی۔

اگر کمزور خصوصاً مسلم ممالک، عراق ، لیبیا اور ایران کے انجام سے بچنا چاہتے ہیں تو اس کی ایک ہی صورت ہے کہ ا نہیں سب سے پہلے اپنے گھر کی صفائی کرنا ہوگی یعنی اپنی صفوں کو درست کرنا ہوگا اور پھر مشترکہ دفاع اور مشترکہ مالیاتی نظام کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

امریکا اور اسرائیل اپنی تمام تر فوجی قوت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے باوجود اپنے اھداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایران پر اپنے کسی کٹھ پتلی کو مسلّط کردیں گے تو ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا۔ پورا ایران اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ لگتا یوں ہے کہ راہبر شہید ایران میں مزاحمت اور انتقام کا سب سے بڑا استعارہ بن جائیں گے۔ شاید امام خمینی سے بھی بڑا۔ اور مرقدِ شہید ہر مزاحمتی تحریک کا مرکز اور محور قرار پائے گی۔





Source link

Continue Reading

Today News

سچ کی گواہی کون دے گا

Published

on


کبھی کبھی مجھے یوں لگتا ہے کہ ہمارے عہد کی سب سے بڑی محرومی غربت یا بے روزگاری نہیں بلکہ سچ کی کمی ہے۔ سچ جو کہیں دب جاتا ہے، کہیں ڈرا دیا جاتا ہے اورکہیں خرید لیا جاتا ہے۔ ہم سب اپنے اپنے دائروں میں بہت سی حقیقتوں سے واقف ہوتے ہیں مگر انھیں زبان دینے کا حوصلہ کم ہی لوگوں میں رہ گیا ہے۔ ایسے میں سوال صرف یہ نہیں رہتا کہ سچ کیا ہے بلکہ یہ بن جاتا ہے کہ سچ کی گواہی کون دے گا؟

اپنے ملک کی طرف دیکھتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک عجیب سی اخلاقی تھکن کا شکار ہیں۔ دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہو،کسی سیاسی کارکن کی گرفتاری ہو، کسی صحافی کی زبان بندی ہو یا کسی اقلیت کے ساتھ ناانصافی، ہم چند لمحے افسوس کرتے ہیں، چند سطریں لکھتے ہیں اور پھر اپنی روزمرہ زندگی میں لوٹ جاتے ہیں۔ شاید ہمیں اپنی بے بسی کا احساس ہے، شاید ہمیں قیمت کا اندازہ ہے، شاید ہم ڈرتے ہیں۔ مگر یہ ڈر جب اجتماعی عادت بن جائے تو سچ تنہا ہو جاتا ہے۔یہ وہی سرزمین ہے جہاں کبھی فاطمہ جناح نے آمریت کے سامنے کھڑے ہو کر اختلاف کی گواہی دی تھی۔ یہ وہی سماج ہے جہاں حبیب جالب نے ایوانِ اقتدار کے سامنے نظم پڑھ کر سچ کو الفاظ میں ڈھالا تھا، مگر آج ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو اپنے مفاد، اپنی سیاسی وابستگی یا خوف سے بلند ہو کر یہ کہہ سکیں کہ غلط غلط ہے، خواہ وہ کتنا ہی کڑوا سچ ہو۔

ہمارے ہاں سچ اکثر سیاسی وابستگیوں میں تقسیم ہوجاتا ہے۔ جو بات ہمارے پسندیدہ رہنما کے حق میں ہو، وہ ہمیں سچ محسوس ہوتی ہے جو اس کے خلاف ہو وہ سازش قرار پاتی ہے۔ ہم دلیل سے پہلے شناخت دیکھتے ہیں، بات سے پہلے بولنے والے کا نام۔ یوں سچ ایک اخلاقی قدرکے بجائے ایک سیاسی ہتھیار بن جاتا ہے۔ میڈیا کا ایک حصہ طاقت کے قریب جا بیٹھتا ہے دوسرا حصہ سنسنی کی دوڑ میں حقیقت کو پس منظر میں دھکیل دیتا ہے۔ عدالتوں پر بوجھ ہے، پارلیمان کمزور ہے اور عام آدمی کے پاس صرف اس کی خاموشی بچتی ہے۔مگر کیا خاموشی واقعی غیر جانبداری ہے یا یہ بھی ایک طرح کی شرکت ہے، جب ہم کسی ظلم پر خاموش رہتے ہیں تو کیا ہم غیر متعلق رہتے ہیں یا غیر محسوس طریقے سے اس کی توثیق کرنے لگتے ہیں؟ تاریخ کا مطالعہ ہمیں بتاتا ہے کہ ظلم صرف ظالم کے سبب نہیں پھیلتا بلکہ اس لیے بھی کہ تماشائیوں کی اکثریت اسے معمول سمجھ لیتی ہے۔

یہ مسئلہ صرف ہمارے ملک تک محدود نہیں۔ عالمی منظرنامہ بھی اسی تضاد سے بھرا ہوا ہے۔ بڑی طاقتیں انسانی حقوق کا پرچم اٹھائے پھرتی ہیں مگر جب مفادات کا سوال آتا ہے تو اصول پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ کسی خطے میں جنگ ہو تو اسے آزادی کی جنگ کہا جاتا ہے کسی اور جگہ ہو تو دہشت گردی۔ ایک ملک کے پناہ گزینوں کو ہمدردی ملتی ہے، دوسرے کے مہاجرین کو سرحدوں پر روک دیا جاتا ہے۔ سچ یہاں بھی یکساں نہیں رہتا بلکہ جغرافیہ اور سیاست کے مطابق بدلتا رہتا ہے۔

ہم نے دیکھا ہے کہ عالمی ادارے قراردادیں منظورکرتے ہیں، مذمتی بیانات جاری ہوتے ہیں مگر زمینی حقیقت تبدیل نہیں ہوتی۔ طاقتور ممالک کی خارجہ پالیسیاں اکثر انسانی جانوں کے بجائے معاشی مفادات کے گرد گھومتی ہیں۔ میڈیا کے بڑے ادارے بھی مکمل طور پر غیر جانبدار نہیں۔ کسی سانحے کو گھنٹوں نشرکیا جاتا ہے کسی اورکو چند لمحوں میں سمیٹ دیا جاتا ہے۔ یوں عالمی سطح پر بھی سچ ایک مقابلہ بن جاتا ہے کون سا بیانیہ زیادہ طاقتور ہے، کون سی تصویر زیادہ اثر انگیز ہے۔اس صورتِ حال میں عام انسان الجھن کا شکار ہو جاتا ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر متضاد خبریں دیکھتا ہے، مختلف تجزیے سنتا ہے اور فیصلہ نہیں کر پاتا کہ کس پر یقین کرے۔ سچ جیسے دھند میں لپٹ جاتا ہے مگر کیا واقعی سچ اتنا کمزور ہے یا ہم نے اسے پہچاننے کی صلاحیت کھو دی ہے؟

مجھے لگتا ہے کہ سچ ہمیشہ بہت شور کے ساتھ نہیں آتا۔ وہ اکثر دھیمے لہجے میں بولتا ہے، وہ کسی ماں کی آنکھ میں آنسو بن کر جھلکتا ہے ،کسی مزدور کے پسینے میں چمکتا ہے، کسی طالب علم کے سوال میں زندہ رہتا ہے۔ سچ کبھی کبھی ایک تنہا صحافی کی رپورٹ میں ہوتا ہے جو دباؤ کے باوجود قلم نہیں روکتا۔ کبھی وہ ایک جج کے اختلافی نوٹ میں ملتا ہے، کبھی ایک استاد کے سبق میں جو بچوں کو سوال کرنا سکھاتا ہے۔

قومی سطح پر اگر ہم واقعی سچ کی گواہی دینا چاہتے ہیں تو ہمیں سب سے پہلے اپنے اندر دیانت پیدا کرنا ہوگی۔ ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ ہمارا پسندیدہ شخص بھی غلطی کرسکتا ہے اور ہمارا مخالف بھی درست ہو سکتا ہے۔ ہمیں اختلاف کو دشمنی نہیں سمجھنا ہوگا۔ سوال پوچھنے والے کو غدار کہہ کر خاموش کردینا آسان ہے مگر یہ رویہ سماج کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔ جب سوال ختم ہو جائیں تو ترقی بھی رک جاتی ہے۔

عالمی سطح پر بھی ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ انسانی جان کی حرمت سرحدوں سے بڑی ہے، اگر ہم ایک خطے کے مظلوم کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو دوسرے کے لیے بھی اٹھانی چاہیے، اگر ہم ایک جنگ کی مذمت کرتے ہیں تو دوسری کی بھی کریں۔ اصول اگر انتخابی ہوجائیں تو وہ اصول نہیں رہتے محض مفاد بن جاتے ہیں۔ سچ کی گواہی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے معیار کو یکساں رکھیں۔

سچ کی گواہی دینا ہمیشہ انقلابی نعرہ لگانا نہیں ہوتا۔ کبھی یہ اپنے گھر میں انصاف کرنا ہے، اپنے دفتر میں دیانت داری برتنا ہے، اپنے بچوں کو سچ بولنے کی تربیت دینا ہے۔کبھی یہ کسی کمزور کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے، چاہے اس سے ہمیں وقتی نقصان ہی کیوں نہ ہو۔ سچ کا راستہ آسان نہیں مگر یہ واحد راستہ ہے جو سماج کو باوقار بناتا ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کا عہد عارضی ہوتا ہے۔ تخت بدلتے ہیں حکومتیں بدلتی ہیں، پالیسیاں بدلتی ہیں مگر سچ کی بازگشت باقی رہتی ہے۔ وہ لوگ جو اپنے وقت میں تنہا سمجھے گئے بعد میں انھی کے نام عزت سے لیے گئے اور وہ جو اپنے عہد میں بہت طاقتور تھے مگر سچ کے خلاف کھڑے تھے تاریخ کے حاشیوں میں چلے گئے۔

آج ہمارا امتحان یہی ہے۔ کیا ہم اپنے وقت کے سچ کو پہچان سکیں گے؟ کیا ہم اپنی سہولت اپنے خوف اور اپنے مفاد سے اوپر اٹھ سکیں گے؟ یا ہم بھی ان تماشائیوں میں شامل ہو جائیں گے جنھوں نے سب کچھ دیکھا مگر کچھ نہ کہا؟یہ سوال قومی بھی ہے اور عالمی بھی۔ یہ سوال سیاست کا بھی ہے اور اخلاق کا بھی۔ اور شاید اس کا جواب کسی اورکے پاس نہیں، ہمارے اپنے ضمیر میں ہے۔ سچ کی گواہی دینے والا کوئی دیو مالائی کردار نہیں ہوتا۔ وہ ہم میں سے ہی کوئی ہوتا ہے، ایک عام انسان جو یہ طے کر لیتا ہے کہ وہ خاموشی کو اپنی تقدیر نہیں بنائے گا۔

سو آج پھر وہی سوال ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے، سچ کی گواہی کون دے گا؟ اگر ہم نے یہ ذمے داری قبول نہ کی تو آنے والی نسلیں ہم سے پوچھیں گی کہ جب وقت نے ہمیں پکارا تھا تو ہم کہاں تھے۔ اور اگر ہم نے حوصلہ دکھایا تو شاید تاریخ ہمیں ان لوگوں میں شمار کرے گی جنھوں نے اندھیرے میں چراغ جلانے کی جسارت کی تھی۔





Source link

Continue Reading

Today News

ایران – ایکسپریس اردو

Published

on


امریکا، اسرائیل اور ایران کی جنگ جاری ہے اور مجھے ابھی کئی دن یہ جنگ جاری رہنے کی توقع ہے۔ یہ درست ہے کہ امریکا ا ور اسرائیل کو ابتدائی کامیابی ملی ہے۔ لیکن یہ بات بھی قابل غور ہے کہ تاحال ایران میں رجیم کی تبدیلی ممکن نہیں ہوئی ہے۔ ایران کا نظام حکومت چل رہا ہے۔ ان کی فوج لڑ رہی ہے۔ اس لیے یہ بات تو ثابت ہوئی کہ ایران کا نظام حکومت کسی ایک فرد پر منحصر نہیں تھا۔

اس سے پہلے عراق اور لیبیا میں ہم نے دیکھا تھا کہ فرد واحد کی حکومت ہونے کی وجہ سے کوئی نظام حکومت سامنے نہیں آیا۔ صدام حسین کے گرنے سے عراق کا نظام حکومت ختم ہوگیا۔ قذافی کے گرنے سے لیبیا کا نظام حکومت ختم ہوگیا۔ دونوں جگہ فرد واحد کی حکومت تھی کوئی نظام حکومت نہیں تھا۔ وہاں کی فوجیں بھی فرد واحد کی فوجیں تھیں، اس لیے فرد کے ہٹنے سے فوج کے پاس بھی لڑنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔ اس طرح کئی اور مثالیں بھی دی جا سکتی ہیں۔ لیکن حالیہ تاریخ کی یہی دو بڑی مثالیں ہیں۔ جہاں کامیابی سے رجیم چینج ممکن ہوئی ہے۔ اسی طرح ونیز ویلا کی مثال بھی مختلف ہے۔ وہاں کے صدر کے خلاف اندر سے ہی بغاوت ہو گئی تھی۔ ونیز ویلا کی نائب صدر اور وہاں کا آرمی چیف امریکا کے ساتھ تھے۔ اس لیے وہاں اندر سے بغاوت ہوئی اور انھوں نے اپنا صدر خود ہی امریکا کے حوالے کر دیا اور ملک چلانا شروع کر دیا۔

 ایران میں ایسا نہیں ہوا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے نہ تو ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ ہی پاسداران انقلاب میں کوئی بغاوت ہوئی ہے اور نہ ہی ابھی تک وہاں جانشینی کی کوئی لڑائی سامنے آئی ہے۔ نہ ہی ایسا نظر آیا ہے کہ ایرانیوں کے حوصلے پست ہوگئے ہیں۔ نہ ہی انھوں نے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ اس لیے یہ عمومی رائے غلط ثابت ہوگئی ہے کہ ایران میں فرد واحد کی حکومت تھی۔اس لیے یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا اب ایران میں رجیم چینج ممکن ہوگئی ہے۔ اگر امریکا اور اسرائیل نے ایران میں رجیم چینج کے لیے لڑ ائی شروع کی ہے تو پھر ابھی انھیں کامیابی نہیں ملی ہے۔ ابھی وہاں وہی رجیم موجو دہے جو امریکا اور اسرائیل کی مخالف ہے۔ یہ بھی درست ہے کہ وہاں ابھی نئے سپریم لیڈر کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ لیکن ایک عارضی درمیانی مدت کے لیے آئت اللہ عالی رضا عارفی کونامزد کیا گیا ہے۔ وہ ایک تین رکنی کمیٹی کے ساتھ کام کریں گے۔ اس کمیٹی میں ایرانی صدر بھی شامل ہیں۔

امریکا یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اس نے ایران میں بڑی قیادت کو شہید کر دیاہے۔ وہاں ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔ ایسے افراد کو چن چن کر مارا جا رہا ہے جو موجودہ ایرانی رجیم میں اہم ہیں۔ لیکن پھر بھی نظام قائم ہے۔و یسے تو سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کو بھی شہید کرنے کی اطلاعات ہیں۔ وہ تو موجودہ رجیم کے حامی نہیں تھے۔ انھیں تو اس نظام میں اب الیکشن لڑنے کی اجازت بھی نہیں مل رہی تھی۔ وہ تو کہا جا سکتا ہے کہ خامنہ ای کے مخالف تھے۔ ایک متبادل آپشن ہو سکتے تھے۔ یہ بھی خبریں ہیں کہ وہ تو اپنے گھر میں قید تھے۔ انھیں تو قید میں رکھا گیا تھا۔ لیکن انھیں بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے پیغام ملتا ہے کہ بے شک وہ مخالف تھے۔ لیکن امریکا کو قابل قبول نہیں تھے۔

ایران خطہ میں موجود اسلامی ممالک پر حملے کر رہا ہے۔ بالخصوص عرب ممالک پر حملے کر رہا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ یہ ممالک امریکا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس لیے ان پر حملے جائز ہیں۔ ویسے میں ایران کی اس پالیسی کا حامی نہیں ہوں۔ اس سے امریکا کی مدد ہو رہی ہے۔ اسلامی دنیا میں ایران کی حمائت کم سے کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس کا ایران کو بہت نقصا ن ہوگا۔ میری رائے میں ایران کو جنگ اسرائیل اور امریکا تک محدود رکھنی چاہیے تھی۔ اس کاایران کو زیادہ فائدہ ہوتا۔ ایرانی میزائل اسرائیل تک پہنچ رہے ہیں۔ اسرائل کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس لیے اگر اسرائیل اور امریکا تک فوکس رکھا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

عالمی امور کے ماہرین چین اور روس سے بھی بہت مایوس ہیں۔ ان کی رائے میں چین اور روس نے ایران کی کوئی خاص مدد نہیں کی۔ پہلے روس او ر چین شام اور ونیز ویلا کے موقع پر بھی خاموش رہے ہیں۔ا ور امریکا کے راستے میں نہیں آئے ہیں۔ اب ایران کی دفعہ بھی راستے میں نہیں آئے ہیں۔ اس لیے اب دنیا کا کونسا ملک امریکا کے مقابلے میں روس اور چین کے ساتھ اتحاد بنانا چاہے گا۔ سب جان گئے ہیں کہ جب لڑنے کا موقع آئے گا تو روس اور چین ساتھ نہیں ہوںگے۔

ایران میں موجودہ رجیم کے خلاف چند ماہ پہلے شدید مظاہرے ہوئے تھے۔ لوگ مہنگائی اور ڈالر کی بڑھتی قدر کے خلاف سڑکوں پرآئے۔ ایرانی رجیم نے ان کو طاقت سے زیر کیا۔ لیکن یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اب وہاں کوئی مخالف باہر نہیں آیا۔ لوگ ان کے حق میں باہر آئے ہیں۔ تہران سے جو مناظر سامنے آئے ہیں۔ وہاں لوگ سو گ میں ہیں۔ لیکن ایسا کوئی منظر ایران کے اندر سے سامنے نہیں آیا کہ لوگ خوشی منا رہے ہوں۔یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا جنگ نے ایرانیوں کو اس قدر متحد کر دیا ہے کہ وہ آپس کے اختلافات بھول گئے ہیں۔ کیا لوگ موجودہ رجیم سے اپنے گلے بھول گئے ہیں۔ ایران کے باہر سے ایسے مناظر سامنے آئے ہیں۔ لیکن اندر سے نہیں۔

ایرانی فوج کام کر رہی ہے۔ میزا ئل داغے جا رہے ہیں۔ ٹرمپ بے شک ایرانی فوج اور بالخصوص پاسدران انقلاب کو ہتھیار ڈالنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ لیکن ایران کے اندر ایسا کوئی ماحول ابھی نظر نہیں آرہا۔ یہ دلچسپ بات ہے۔ یہ نظام کی مضبوطی کی شاندار مثال ہے۔ اس لیے رجیم چینج ابھی ممکن نظر نہیں آرہی ۔ وہاں کوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آرہی ۔ شائد خامنہ ای کی شہادت نے نظام کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کر دیا ہے۔ اختلافی آوازیں بھی وقتی طور پر خاموش ہو گئی ہیں۔سب اندازے کہ لوگ تبدیلی کے لیے تیار ہیں غلط ثابت ہو رہے ہیں۔ کل کیا ہوجائے میں نہیں کہہ سکتا۔ ابھی کی صورتحال یہی نظر آرہی ہے۔ اس لیے جنگ لمبی چلتی نظر آرہی ہے۔ جب تک ایران میزائل چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جنگ چلتی رہے گی۔ ابھی یہ صلاحیت باقی ہے۔ یہی ایران کی بنیادی طاقت ہے۔ ابھی تک امریکا اس کو ختم نہیں کر سکا ہے۔ ابھی تک پاسدران انقلاب نظام کی حفاظت کر رہے ہیں، اس لیے ابھی رجیم موجود ہے۔





Source link

Continue Reading

Trending