Today News
بھارت محلے کے امیر بچے کی طرح کھیلتا ہے، شعیب اختر کا طنز؛ نئی بحث چھڑ گئی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی ٹیم کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ بھارت محلے کے اس امیر بچے کی طرح ہے جو غریب بچوں کو کھیلنے کے لیے بلاتا ہے اور پہلے ہی کہہ دیتا ہے کہ جیتنا صرف مجھے ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی کر رہا ہے، آٹھ ٹیموں میں سے چار کو رکھ لیتے ہیں، پھر انہی میں سے تین کو آگے بلا لیتے ہیں اور آخر میں کہہ دیتے ہیں کہ دیکھو میں جیت گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرز عمل نے کرکٹ کو نقصان پہنچایا ہے۔
شعیب اختر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ شائقین نے ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کرکٹ میں طاقت کا توازن واقعی ایک مسئلہ ہے جبکہ دیگر مداحوں نے بھارتی ٹیم کی کارکردگی کا دفاع کیا۔
ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم نے زیادہ تر میچز اپنے ہی ملک میں کھیلے جبکہ مشترکہ میزبانی کے باوجود صرف ایک میچ سری لنکا میں کھیلا گیا۔ سیمی فائنلز اور فائنل بھی بھارت میں ہی منعقد ہوئے۔
واضح رہے کہ فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلا گیا۔
Today News
کراچی، وزیر داخلہ سندھ کی علامہ شہنشاہ نقوی کی رہائش گاہ آمد، یوم قدس ریلی پر تبادلہ خیال
کراچی:
شہر قائد میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے خطیب پاکستان علامہ شہنشاہ نقوی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یوم قدس ریلی کے منتظمین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، ریاض شاہ شیرازی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حضرت آیت اللہ علی خامنہ ای کی المناک شہادت پر دعا کی گئی جبکہ 21 رمضان المبارک کو نکالی جانے والی یوم قدس ریلی کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے اور ریلی کے شرکاء کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کو موجودہ نازک صورتحال میں باہمی افہام و تفہیم اور مذہبی رواداری کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر علامہ شہنشاہ نقوی اور یوم قدس ریلی کے منتظمین نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریلی اپنے طے شدہ روٹس پر نظم و ضبط کے ساتھ نکالی جائے گی۔
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ریلی کے موقع پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Today News
امریکا اور اسلم بھائی کا دبدبہ
اور جناب ٹرمپ صاحب نے آٹھ جنگیں رکواتے رکواتے اپنے کندھے اسرائیل کے حوالے کر کے نویں جنگ چھیڑ لی۔اسے کہتے ہیں خرچے ساڈے تے نخرے لوکاں دے ( یعنی اسرائیل کے )۔
سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے بھی برملا اعتراف کیا ہے کہ امریکی سرزمین کو فوری ایرانی خطرہ نہیں ، چونکہ اسرائیل نے جنگ شروع کر دی تو امریکا بھی مروتاً اس کا حصہ بن گیا۔مگر ایران کا غصہ گھوم پھر کے امریکیوں پر ہی نکلنا تھا لہذا ہم بھی انھیں بچانے کے لیے احتیاطاً اس جنگ کا حصہ بن گئے۔سی آئی اے نے بھی امریکی کانگریس کی دفاعی کمیٹی کو یہی شہادت دی کہ ایران امریکا کے لیے براہِ راست خطرہ نہیں۔ جوہری توانائی کے بین الاقوامی نگراں ادارے آئی اے ای اے کی بھی یہی رائے ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ چار پانچ ہفتے میں نتیجہ سامنے آ جائے گا۔اب ان کے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگزتھ کہہ رہے ہیں کہ معاملہ ستمبر تک بھی طول پکڑ سکتا ہے۔ بین الاقوامی ساہوکاروں نے حساب کتاب لگایا ہے کہ اگر یہ جنگ تین ماہ چلتی ہے تو امریکی ٹیکس دھندگان کے کم ازکم ڈھائی سو ارب ڈالر چولہے میں چلے جائیں گے۔ابھی امریکا کے خلیجی اتحادیوں کے نقصان کی پیمائش باقی ہے جو تیل اور گیس کی رکی ہوئی پیداوار اور سرمایہ کاری میں انجماد کی شکل میں کھرب ہا ڈالر میں جا سکتا ہے۔
ہمارے محلے میں ایک اسلم بھائی ہوا کرتے تھے۔ان کے بارے میں مشہور تھا کہ اچھے وقتوں میں پانچ چھ قتل کیے تھے۔اس مشہوری کے سبب آخری وقت تک اتنی دھاک تھی کہ اسلم بھائی سے علاقے کے لوگ فیصلے کرواتے تھے۔اسلم بھائی کی پرچی بازار میں چلتی تھی اور تھانے والے اسلم بھائی کے حجرے میں جوتے باہر اتار کر داخل ہوتے تھے۔
کم ازکم ہم بچوں نے اسلم بھائی کو کبھی چیخ کر بات کرتے یا کسی کو گالیاں دیتے نہیں دیکھا۔اصلی ڈان کو نہ تو آواز اونچی کرنی پرتی ہے اور نہ ہی کسی ایرے غیرے سے ترکی بہ ترکی الجھنا پڑتا ہے۔ شخصیت اور پراسراریت کا دبدبہ ہی پیشاب خطا کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔
مگر امریکا کیسا عالمی دادا ہے جسے اپنی عظمت منوانے کے لیے ہر کچھ عرصے بعد کسی نہ کسی چھوٹے بڑے یا راہ چلتے سے گتھم گھتا ہونا پڑتا ہے۔القاعدہ جیسے گروہ نے نائن الیون کو چماٹ مار دی اور امریکا اس کی تلاش میں اتنا باؤلا ہوا کہ ہر آتے جاتے کو چھریاں مار دیں۔جو بھی ملک پاؤں تلے آیا روند ڈالا مگر ویسی دھشت پھر بھی قائم نہ ہو سکی۔
گمشدہ دبدبے کی تلاش میں پچھلے چھبیس برس میں امریکا چار جنگیں لڑ چکا ہے اور دس ممالک پر بمباری کر چکا ہے ( افغانستان ، ایران ، یمن ، عراق ، پاکستان ، صومالیہ ، لیبیا ، شام ، وینزویلا ، نائجیریا)۔ اس دوران ہر آڑے ٹیڑھے سے دھول دھپا اور ماں بہن تو خیر روزمرہ کا معمول ہے۔
امریکا کی براؤن یونیورسٹی کے واٹسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیرز کے تحقیقی ریکارڈ کے مطابق نائن الیون کے بعد سے اب تک افغانستان ، پاکستان ، عراق ، شام ، یمن سمیت متعدد بحرانی علاقوں میں امریکی پالیسیوں کے سبب ساڑھے نو لاکھ انسان ہلاک ہوئے ہیں۔ان میں وہ لاکھوں اموات شامل نہیں جو ان بحرانوں کے نتیجے میں بھوک ، بیماری اور نقلِ مکانی کی شکل میں ہوئیں۔
ان مہمات پر امریکا کے لگ بھگ پانچ اعشاریہ آٹھ ٹریلین ڈالر خرچ ہوئے۔اگر اس عدد کو توڑا جائے تو تصویر کچھ یوں بنتی ہے کہ دو اعشاریہ ایک ٹریلین ڈالر اسلحے اور فوجی نقل و حرکت کی مدد میں پینٹاگون نے خرچ کیے۔اس دوران پینٹاگون کو آٹھ سو چوراسی ارب ڈالر اضافی خرچے کی مد میں دیے گئے۔ایک اعشاریہ ایک ٹریلین ڈالر داخلی سلامتی کے ادارے ہوم لینڈ سیکیورٹی پر خرچ ہوئے۔چار سو پینسٹھ ارب ڈالر مختلف معرکوں میں بیمار ، زخمی اور اپاہج ہونے والے فوجیوں کے طبی و تیماری اخراجات کی مد میں صرف ہوئے جب کہ ایک ٹریلین ڈالر جنگی قرضوں کے سود اور واپسی کی مد میں ادا ہوئے۔ اگلے تیس برس میں جو جنگیں لڑنی ہیں ان میں حصہ لینے والے فوجیوں کی طبی دیکھ بھال کے لیے ابھی سے دو اعشاریہ دو ٹریلین ڈالر الگ سے رکھ دیے گئے ہیں ( اسے کہتے ہیں جنگجویانہ دور اندیشی )۔
اگر ہم نائن الیون کے بعد لڑی جانے والی چار بڑی جنگوں کو الگ الگ دیکھیں تو اس میں جنگِ افغانستان سرِ فہرست ہے۔اس مہم کا نام آپریشن اینڈیورنگ فریڈم ( دائمی آزادی کا معرکہ) رکھا گیا۔آج آپ دیکھ سکتے ہیں کہ افغانستان کس قدر ’’ دائمی‘‘ آزاد ہے۔ امریکی تاریخ کی اس سب سے طویل ( بیس برس ) بیرونی مہم میں سرخروئی کے لیے چار امریکی صدور نے ایڑی چوٹی کا زور لگا لیا۔دو لاکھ اکتالیس ہزار انسانی جانیں گئیں پھر بھی آخر میں سرپٹ بھاگنا پڑ گیا۔
اس عدد کو توڑا جائے تو تصویر یوں بنتی ہے کہ بیس برس میں اکہتر ہزار تین سو چوالیس سویلین مارے گئے۔ان میں چوبیس ہزار ننانوے پاکستانی سویلینز بھی شامل ہیں۔تین ہزار پانچ سو چھیاسی امریکی اور ناٹو فوجی ، اٹھہتر ہزار تین سو چودہ افغان فوجی اور پولیس اہلکار ( بشمول نو ہزار تین سو چودہ پاکستانی سیکیورٹی اہلکار ) جان سے گئے۔ چوراسی ہزار ایک سو اکیاون مخالف چھاپہ مار ہلاک ہوئے (اکیاون ہزار ایک سو اکیانوے افغانستان میں اور تینتیس ہزار پاکستان میں )۔ مگر بیس برس میں افغانستان پر دو اعشاریہ چھبیس ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کا نتیجہ کیا نکلا ؟ جن طالبان سے حکومت چھینی تھی انھیں ہی امانت لوٹا کر رخصت ہونا پڑا۔
عراق کو جمہوریت کا گہوارہ بنانے کی جنگ آٹھ برس تک لڑی گئی۔عراق گہوارہ تو کیا بنتا البتہ دو لاکھ دس ہزار عام شہریوں کو تابوت میں بند کر دیا گیا۔
اس عرصے میں پاکستان ، صومالیہ اور ایران ڈرون جنگوں کا نشانہ بنے۔دو ہزار گیارہ میں لیبیا کو ’’ مہذب ‘‘ بنانے کے لیے ناٹو نے امریکی قیادت میں ملک کا تیاپانچا کر دیا۔آج لیبیا میں دو متوازی حکومتیں ہیں اور خانہ جنگی بھی جاری ہے۔شام کی شکل بگڑ چکی ہے۔صومالیہ تین ٹکڑوں میں تقسیم ہے اور یمن برادر ممالک کی جنگی شطرنجی بساط پر دنیا کا سب سے دربدر ملک بن چکا ہے اور امریکا خلیج میں نئے اسائنمنٹ پر اسی پرانے جذبے سے لگا پڑا ہے۔
(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)
Today News
کراچی، ماہ صیام میں بھی لٹیرے بے لگام، شہری سے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی
کراچی:
شہر قائد میں ماہ رمضان کے دوران بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رک نہ سکیں، ماڈل کالونی کے علاقے نشتر پارک کے قریب موٹرسائیکل سوار شہری سے ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔
فوٹیج کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں نے سڑک پر جاتے ہوئے موٹرسائیکل سوار شہری کو روکا اور اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔
ایک ملزم نے شہری سے موٹرسائیکل چھیننے کی بھی کوشش کی تاہم شہری کی مزاحمت کے باعث ڈاکو موٹرسائیکل چھیننے میں ناکام رہے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان شہری کا پرس چھین کر موقع سے فرار ہو گئے جبکہ واردات چند لمحوں میں انجام دی گئی۔
-
Tech2 weeks ago
Streamlining Operations and Minimizing OpEx with AI Agents
-
Tech2 weeks ago
Hackers Can Now Empty ATMs in Pakistan Without Cards
-
Tech2 weeks ago
Here is Samsung Galaxy S26 Series’ Expected Price in Pakistan
-
Tech2 weeks ago
Business Line Awarded SAP Partnership in Pakistan, Strengthening Regional Footprint
-
Tech2 weeks ago
DIFC’s Dubai FinTech Summit Expands Globally with Pakistan Digital Authority
-
Tech2 weeks ago
WhatsApp is Finally Getting a Long Overdue Chat Message Upgrade
-
Entertainment2 weeks ago
Celebrities Make Fun of Fiza Ali’s Over Emotional Acting for Views
-
Entertainment2 weeks ago
Bee Gul’s Interesting Take On Heroines Dancing In The Rain