Today News
راولپنڈی: ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں مبینہ طور پر 264 ملین روپے کی کرپشن کا انکشاف
راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں مبینہ طور پر 264 ملین روپے کی کرپشن اور خورد برد کا انکشاف ہوا ہے تاہم پانچ سال گزرنے کے باوجود ذمہ داران تاحال گرفت میں نہیں آ سکے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کی جانب سے غیر جانبدار انکوائری کمیٹی بنانے کے لیے دو دن کی مہلت کا ری مائنڈر بھی جاری کیا گیا تھا مگر مقررہ وقت گزرنے کے باوجود انکوائری کمیٹی تاحال قائم نہ ہو سکی۔
آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں 264 ملین روپے کی مبینہ خرد برد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق خریداری پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی جبکہ متعدد اشیاء بغیر ٹینڈر اور بغیر کوٹیشن لوکل پرچیز کی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق ایسی اشیاء بھی خریدی گئیں جن کی فوری ضرورت موجود نہیں تھی۔
آڈٹ حکام کے مطابق مبینہ بے ضابطگیوں میں اس وقت کی سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ نعیم کا نام شامل ہے جبکہ آڈٹ رپورٹ میں سابق ڈی ایچ او میڈیکل سروسز ڈاکٹر حوریہ محسن کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ مبینہ کرپشن کیس میں ڈی ایچ او پریوینٹو سروسز ڈاکٹر احسان غنی کو بھی شامل قرار دیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے آٹھ اکاؤنٹنٹس کو بھی اس معاملے میں شامل بتایا گیا ہے۔ آڈیٹر جنرل نے 264 ملین روپے کے مالی نقصان کی نشاندہی کرتے ہوئے تحقیقات کی سفارش کی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کو ذمہ داران کا تعین کرنا ہوگا جبکہ رپورٹ میں سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان اور ذمہ دار افسران کی نشاندہی کی جائے گی۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز کی ہدایت کے باوجود انکوائری کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر سوالیہ نشان بن گئی ہے اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان کے باوجود تاحال عملی کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
Today News
قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ، خطے کی مجموعی صورت حال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے معیشت پر ممکنہ اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی تعاون، جمہوری اقدار کے استحکام اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ ملاقات خوش گوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جس میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رپنماؤں کے درمیان ملاقات کے موقع پر ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
Today News
آبنائے ہرمز کے قریب تھائی بحری جہاز پر میزائل حملہ، سمندر برد ہونے کا خدشہ
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب تھائی لینڈ کا ایک مال بردار بحری جہاز پر حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ عملے کے 3 ارکان اب بھی لاپتا ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تھائی کارگو جہاز پر نامعلوم جانب سے حملہ کیا گیا۔ جس سے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بحری جہاز پر 23 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 20 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ عملے کے 3 ارکان تاحال لاپتا ہیں۔
تھائی مال بردار جہاز ابوظہبی کے خلیفہ پورٹ سے روانہ ہوا تھا اور کئی گھنٹے بعد جب آبنائے ہرمز کے قریب پہنچا تو اس پر نامعلوم جانب سے حملہ کیا گیا۔
تھائی بحریہ نے بتایا کہ حملے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔
ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کردیا ہے اور یہاں سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
Today News
چیئرمین پی سی بی سے قومی ہاکی ٹیم کی ملاقات، بے روزگار کھلاڑیوں کیلیے ملازمتوں کا اعلان
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی جس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے قومی ٹیم کو آٹھ برس بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ جو ہاکی کھلاڑی اس وقت ملازمت نہیں رکھتے، انہیں روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فٹنس اور میڈیکل سہولیات کے حوالے سے ہاکی کھلاڑیوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا اور پی سی بی پہلے کی طرح قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے میں پی سی بی ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم آئندہ ہاکی ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔
دوسری جانب قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سپورٹ نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ دیا گیا۔
-
Magazines2 weeks ago
Story time: Chasing the forgotten stars
-
Business2 weeks ago
Tensions slow Pakistani investment in Dubai real estate
-
Magazines1 week ago
PRIME TIME: THE RAMAZAN EXCEPTION – Newspaper
-
Entertainment1 week ago
Ali Ansari On Falling in Love With More Than One Person
-
Business2 weeks ago
With presidential ordinance set to lapse, Senate passes bill for regulating virtual assets
-
Magazines2 weeks ago
Story time: The dog without a leash!
-
Sports1 week ago
Samson’s 97 puts India into T20 World Cup semi-final against England – Sport
-
Business1 week ago
Privatisation Commission board recommends Fauji Fertiliser’s inclusion in consortium that won PIA auction – Pakistan