Today News
لاہور، 19 کروڑ کی ڈکیتی کے ملزمان سے پولیس مقابلہ، مرکزی ملزم ہلاک، 3 فرار
لاہور:
شہر کے علاقے گجومتہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران 19 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت زازے پٹھان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک روز قبل ڈیفنس کے علاقے میں 19 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک کیفے میں واردات کے بعد فرار ہوئے تھے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کا نمبر ٹریس کیا گیا جس کے بعد کاہنہ پولیس نے گجومتہ کے قریب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔
اس دوران ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ ملزمان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
Today News
دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ، ٹینکر کو آگ لگ گئی، پروازیں عارضی طور پر معطل
دبئی:
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے اطراف میں ایک ٹینکر کو آگ لگ گئی جس پر فوری طور پر ایمرجنسی اداروں نے قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
دبئی آنے والی پروازوں کو اس وقت ایئرپورٹ سے دور فضا میں ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی اسٹیٹ ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک گھنٹے کے دوران 34 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جلد فضائی آپریشن بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Today News
گریٹر اسرائیل کا دیباچہ – ایکسپریس اردو
امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی ایران پر دن رات بارود کی بارش اور سفاکانہ حملوں، ایران کی مشرق وسطی کے ممالک میں موجود امریکی تنصیبات اور فوجی اڈوں پر ڈرون اور میزائل حملے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو اگر ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی اور ایک پاکستانی کی نظر سے دیکھیں تو ساری گتھیاں سلجھ جائیں گی۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ آخر ایران سے ایسا کونسا جرم سرزد ہوا جس کی سزا دینے کے لیے دنیا کے ٹھیکیدار ان پر رات کی تاریکی اور دن کی روشنی میں آگ برسا رہے ہیں۔
اسرائیل اور امریکا کی نظر میں ایران کے جرائم تو بہت ہیں مگر دنیا کو بتایا گیا کہ ایران کو مہلک ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے یہ حملہ کیا گیا۔ اگر ایٹمی صلاحیت حاصل کرنا اور ایٹم بم بنانا جرم ہے تو امریکا اور اسرائیل سمیت کئی ممالک یہ جرم بہت پہلے کرچکے ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں پہلی بار امن کے خود ساختہ ٹھیکیدار ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر انسانیت دشمن ریاست اور مجرم اعظم ثابت ہوچکا ہے۔ ایران ایٹم بم بنا بھی رہا ہے تو کس قانون کی بنیاد پر وہ ایران پر چڑھائی کر سکتے ہیں؟
حملہ آور تسلیم کر چکے ہیں کہ ابھی تک ایران نے ایٹمی صلاحیت حاصل نہیں کی اور ایران ایٹم بم نہ بنانے کا وعدہ بھی کر رہا ہے مگر ایٹم بم رکھنے اور گرانے والے ایران پر ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کے جرم کی پاداش میں حملہ آور ہیں۔ تمام مذاہب، معاشرتی اقدار اور اخلاقیات ہر کسی کو اپنی حفاظت و دفاع کا حق دیتے ہیں۔ ہر وہ ہتھیار جو جان و مال کے تحفظ اور دشمنوں کے شر سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ضروری ہو وہ بنانا اور خریدنا بنیادی حقوق میں آتا ہے تو ایران کی یہ کوشش قابل سزا جرم کیسے بن گئی؟ ہماری نظر میں ایران کے جرائم میں سرفہرست مسلمان ریاست ہونا، فلسطین و غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیل کے سامنے نہ جھکنے سے انکار ہے۔
مشاہدے، منطق اور سائنسی نقطہ نظر سے چیزیں اپنی ضد سے پہچانی جاتی ہے۔ جیسے دن، رات اور رات دن سے، روشنی تاریکی اور تاریکی روشنی سے، ٹھنڈا گرم اور گرم ٹھنڈے سے۔ اسی طرح ظالم مظلوم اور مظلوم ظالم سے پہچانا جاتا ہے۔ میرے خیال میں اس پر اجماع امت ہے کہ اسرائیل اور امریکا اسلام اور مسلمان دشمن ہونے کے علاوہ امن عالم کے لیے خطرناک اور ہر فساد کی جڑ ہے اور ان دونوں سے لمحہ موجود میں نبرد آزما صرف ایران ہے جو ایران کا حق پر ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ پھر کوئی منصف مزاج انسان حق و باطل کی لڑائی میں غیرجانبدار کیسے رہ سکتا؟
غیر جانبداری منافقت کا دوسرا نام ہے۔ معرکہ حق و باطل میں حق کا ساتھ دینا واجب ہے، اس لیے ایران اسرائیل جنگ میں ہمیں مظلوم ایران کے ساتھ اور ظالم امریکا و اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ اگر عقیدے کی عینک اتار کر ہم اس جنگ کو ایک پاکستانی کی نظر سے دیکھیں تو ہر ذی شعور انسان کو ایران مظلوم اور حق پر جب کہ اسرائیل اور امریکا ظالم، غاصب، جابر اور باطل نظر آئے گا، پھر ہم اس معرکہ حق و باطل میں غیر جانبدار رہ کر باطل، ظالم و جابر اسرائیل اور امریکا کی خاموش حمایت کیوں کریں۔
ایسا اکثر غیر جانبداری کے پیچھے چھپ کر کیا جاتا ہے مگر یاد رکھیں کہ معرکہ حق و باطل میں غیر جانبداری منافقت کا دوسرا نام ہے۔ بحیثیت پاکستانی اس جنگ کو دیکھیں تو رب کعبہ کی قسم کہ یہ ہماری بقا اور پاکستان کے دفاع کی جنگ ہے ہمیں آج نہیں تو کل اسے لڑنا پڑے گا۔ خدانخواستہ ایران ہار گیا تو پاکستان کا وہ ازلی دشمن اسرائیل ہمارے سر پر بیٹھ جائے گا جو ماضی میں ہندوستان کے ساتھ مل کر ہماری ایٹمی تنصیبات تباہ کرنے کے لیے حملے کی کوشش کرچکا ہے مگر اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے دونوں کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔ مئی 2025ء میں اسرائیل کی بھرپور معاونت کے باوجود پاکستانی افواج کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست فاش جس نے نریندر مودی کو سرنڈر موذی بنا دیا اور دنیا کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہا دراصل و درحقیقت اسرائیل کی شکست ہے۔
عالمی امن ایوارڈ نہیں “جنگی جرائم کے عالمی ایوارڈ” کا حقیقی حقدار ٹرمپ پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں مئی کے معرکہ حق میں ہندوستان کے گرائے گئے رافیل طیاروں کی تعداد کو 6 مانے یا 12 اس سے فرق نہیں پڑتا اور نہ ہمیں اس پر خوش ہونا چاہیے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ ساتھی، اتحادی ہندوستان اور اسرائیل کا ہے ہمارا نہیں۔ ہمارے عقیدے اور رسول اللہﷺ کی احادیث کی روشنی میں صہیونی ہمارے ازلی و ابدی دشمن تو ہیں ہی مگرپاکستان تو ریاستی، مملکتی اور بابائے قوم محمد علی جناح کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق اسرائیل کو تسلیم ہی نہیں کرتا تو ایران سے بدظن بعض پاکستانی احباب ذرا راہنمائی فرمائیں کہ اس جنگ میں بحیثیت پاکستانی، ایران اور اسرائیل کی جنگ میں ایران کا ساتھ دینا چاہیے یا خاموش رہ کر امریکا اور اسرائیل کا؟
ایران سے بدظن احباب سے اتنا کہوں گا۔ اس جنگ میں ایران کی مخالفت نہیں غیر جانبدار رہنا اسرائیل اور امریکا کا ساتھ دینے کے مترادف ہوگا جو یقیناً کوئی مسلمان یہ نہیں چاہے گا۔ تو خدا کے لیے ایران پر حملہ غزہ کے پھول اور کلیوں جیسے بچوں کے قاتل صہیونی درندوں کی گریٹر اسرائیل اور لاکھوں مسلمانوں کے قاتل امریکا کی جنونی جنگ کو عقیدے کی جنگ نہ بنائیں یہ مسلمان ممالک کو نیست و نابود کرنے کا ایک طویل المدتی منصوبہ ہے جس کے کئی مراحل میں ناعاقبت اندیش مسلمان حکمرانوں کی وجہ سے یہود و ہنود کو کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔
ایران پر امریکی اسرائیلی یلغار گریٹر اسرائیل کے منصوبے کا دیباچہ اور سرنامہ ہے جس میں پہلے ایران، عراق اور ترکیہ سے گریٹر کردستان، پھر پاکستان اور ایران سے گریٹر بلوچستان اور پھر پاکستان اور افغانستان سے گریٹر پختونستان برآمد ہوگا تو اس کے بعد گریٹر اسرائیل بنے گا۔ اس جنگ کو امریکا، اسرائیل اور ایران کی جنگ نہ سمجھیں یہ پاکستان سمیت بلکہ پوری امت مسلمہ کی بقا کی جنگ ہے مگر سادہ لوح مسلمان شیعہ سنی کے چکر میں اسے عقیدے کی جنگ سمجھ کر اس سے لاتعلق ہو رہے ہیں اور امریکا اسے مذہبی ٹچ کے ساتھ اور اسرائیل اسے گریٹر اسرائیل کا دیباچہ سمجھ کر لڑ رہا ہے۔
ٹرمپ کے کندھوں پر مخصوص کلٹ کے پادریوں اور مذہبی لیڈروں کا دست شفقت رکھنا اور جنگ میں کامیابی کے لیے اجتماعی دعاؤں نے صورتحال واضح کر دی کہ یہ درحقیقت مسلمانوں کے خلاف عالمی جنگ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں رہتا کہ یہ جنگ آج نہیں تو کل صرف ایران نہیں پورے عالم اسلام کے خلاف لڑی جائے گی، جس کے لیے کئی دہائیوں سے یہود و ہنود تیاری کر رہے ہیں۔
ایران عراق جنگ، مشرق وسطیٰ کے ممالک میں امریکی فوجی اڈے، ایران عراق جنگ، افغانستان، عراق پر امریکی یلغار، پاک افغان کشیدگی اور اب ایران پر اسرائیل اور امریکا کی مشترکہ یلغار، مشرق وسطیٰ کے اسلامی ممالک کو ایران کے ساتھ دست وگریبان اور ایک دوسرے پر حملہ آور کروانا اس منصوبے کی کڑیاں ہیں۔ اس لیے پاکستان، افعانستان سمیت تمام اسلامی ممالک باہمی اختلافات ختم اور ہوش کے ناخن لے کر اس جنگ کو عقیدے کی جنگ بنانے کی بجائے عقل و شعور اور فراست کے ساتھ امت کی وحدت کے لیے عملی اقدامات کریں اور عالم کفر کے شر سے امت مسلمہ کو محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات کریں ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
Today News
کراچی، گاڑی چھین کر فرار ہونے والے ملزمان کو پولیس نے پکڑ لیا، شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
کراچی:
شہر قائد میں صدر کے علاقے میں ملزمان ایک خاتون کی گاڑی چھین کر فرار ہو گئے تھے تاہم بعد ازاں شہریوں اور پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ دکان سے سامان خرید رہی تھی کہ اس دوران ملزمان گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گاڑی کی پچھلی نشست پر خاتون کے تین چھوٹے بچے بھی موجود تھے جن پر ملزمان کی نظر نہیں پڑی۔
ملزمان گاڑی لے کر نمائش چورنگی کے قریب پہنچے تو بچوں کو گاڑی سے اتارنے لگے۔
اسی دوران وہاں موجود ایک سپاہی نے ملزمان کو مشکوک سمجھ کر قابو کرنے کی کوشش کی جس پر اردگرد موجود شہری بھی مشتعل ہو گئے اور دونوں ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
-
Magazines1 week ago
Story Time: Culinary Disasters – Newspaper
-
Magazines2 weeks ago
PRIME TIME: THE RAMAZAN EXCEPTION – Newspaper
-
Entertainment2 weeks ago
Ali Ansari On Falling in Love With More Than One Person
-
Sports2 weeks ago
Samson’s 97 puts India into T20 World Cup semi-final against England – Sport
-
Business2 weeks ago
Privatisation Commission board recommends Fauji Fertiliser’s inclusion in consortium that won PIA auction – Pakistan
-
Sports1 week ago
Bangladesh recall Litton, Afif for Pakistan ODI series – Sport
-
Entertainment1 week ago
Fans React to Nadia Khan’s Wrinkles in Filter-Free Video
-
Sports2 weeks ago
Haris among 14 Pakistanis on The Hundred final list – Sport