Today News
پاکستان، ترکیہ، سعودیہ اور مصری حکام کا اجلاس، نئے 4 فریقی اتحاد کے ڈھانچے کی حتمی تجاویز تیار
اسلام آباد:
پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب خاموشی سے لیکن مستقل مزاجی کے ساتھ ایک نئے 4فریقی ڈھانچے کو باقاعدہ شکل دینے کی جانب بڑھ رہے ہیں کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیاں اہم علاقائی ممالک پر سفارت کاری اور سیکیورٹی پر زیادہ قریبی ہم آہنگی پیدا کرنے کا دبائو ڈال رہی ہیں۔
حکام اسے باقاعدہ اتحاد کہنے سے کترا رہے ہیں تاہم رابطوں کی رفتار اور تعداد یہ ظاہر کرتا ہے کہ 4ملکی فورم ایک منظم گروپ میں تبدیل ہو رہا ہے جس کا مقصد غیر مستحکم خطے میں نتائج پر اثر انداز ہونا ہے۔
اس حوالے سے حالیہ قدم منگل کو اٹھایا گیا جب ان چاروں ممالک کے اعلیٰ حکام نے اپنے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی سابق مشاورت کے تسلسل میں اسلام آباد میں ملاقات کی۔
پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ اور ترجمان سفیر طاہر انداربی نے کی۔ ترکیہ کے وفد کی سربراہی نائب وزیر خارجہ سفیر موسیٰ کولاکلیکایا نے کی، مصر کی نمائندگی اسسٹنٹ وزیر خارجہ سفیر نزیہ النگاری نے کی اور سعودی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر السعود نے کی۔
اس اجلاس میں اعلیٰ عہدیداروں نے ان تجاویز کو حتمی شکل دی جو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں 17 اپریل کو انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ یہ مشاورت بالخصوص ایران اور امریکہ کے حالیہ فوجی تناؤ کے پس منظر میں ہو رہی ہے۔
اس فوجی تناؤ نے سفارتی حساب کتاب بدل کر رکھ دیا ہے اور کشیدگی کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری پسِ ردہ کوششوں کی ضرورت محسوس کی گئی ۔
ان چاروں ملکوں کا وزرائے خارجہ کی سطح پر پہلا اجلاس 19 مارچ کو ریاض میں اس وقت ہوا تھا جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی عروج پر تھی۔ محض دس دن بعد وہ دوبارہ اسلام آباد میں جمع ہوئے جو اس اقدام کی فوری ضرورت اور سنجیدگی کو اجاگر کرتا ہے۔
چند ہی دنوں میں انطالیہ میں ایک اور اجلاس طے پانے کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ یہ رفتار اس مشترکہ اعتراف کی عکاسی کرتی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتے ہوئے بحرانوں کا جواب دینے کے لیے روایتی سفارتی طریقے اب کافی نہیں رہے۔
سفارتی ذرائع نے ’’ دی ایکسپریس ٹریبیون‘‘ کو بتایا کہ بات چیت کا محور ایک ایسے تعاون پر مبنی فریم ورک کی تشکیل ہے جو تنازعات کی روک تھام، اقتصادی ہم آہنگی اور کلیدی علاقائی مسائل پر سیاسی ہم آہنگی کے گرد گھومتا ہے۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر چاروں دارالحکومتوں کے خیالات میں واضح ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس گروپ کے ڈھانچے پر ابھی کام ہو رہا ہے، لیکن یہ عارضی مشاورت سے آگے بڑھ رہا ہے۔
دورے کے دوران وفود نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ان برادر ممالک کے درمیان تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ قریبی ہم آہنگی امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی کی صورتحال گہری ہو رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ابھرتا ہوا چار فریقی ڈھانچہ کسی باقاعدہ بلاک کے بجائے ایک عملی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے جس کا محرک علاقائی استحکام، توانائی کی سلامتی اور سفارتی اثر و رسوخ میں مشترکہ مفادات ہیں۔
دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ اجلاس مقصد باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا اور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
Today News
کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات، ایک شخص جاں بحق، خاتون سمیت 2 افراد زخمی
کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسرا واقعہ لیاری کے بروہی روڈ پر پیش آیا جہاں گھر کے اندر پراسرار فائرنگ سے 40 سالہ خاتون جان بی بی زخمی ہوگئیں۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر سرجانی ٹاؤن سیکٹر فائیو ڈی میں زبیر ہال کے قریب فائرنگ کے واقعے میں آفتاب نامی شخص زخمی ہوگیا جسے ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا بعد ازاں اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ کا واقعہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کا نتیجہ ہے جبکہ زخمی ہونے والا شخص پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کا کارکن بتایا جا رہا ہے۔
جس کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
سیکیورٹی اداروں نے صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Today News
کراچی، پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکو گرفتار، 2 فرار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد
کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں کے دوران مبینہ مقابلوں میں 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مومن آباد کے علاقے الفتح کالونی میں ہونے والے مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، جن میں زخمی ملزم شعیب عباسی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جبکہ دوسرے ملزم محمد عباسی کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری کارروائی فیروزآباد کے علاقے ہل پارک کے قریب کی گئی، جہاں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد کار لفٹر شاہ رخ ڈان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے رضویہ کے علاقے سے چوری کی گئی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح پہلوان گوٹھ کے قریب ایک ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو چار شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ سیکیورٹی کمپنی کے انچارج شہزاد نے لائسنس یافتہ اسلحہ سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں آصف نامی ملزم زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی آفتاب فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
مزید برآں بفرزون سیکٹر 16 کے بی آر قبرستان کے قریب ہونے والے ایک اور مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
Today News
آئی ایم ایف کی معاشی شرح نمو کم اور مہنگائی بڑھنے کی پیشگوئی
اسلام آباد:
آئی ایم ایف نے تازہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں پاکستان کی معیشت سے متعلق نئی پیشگوئیاں جاری کرتے ہوئے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلیے شرحِ نمو کم کر کے 3.5 فیصد کر دی ہے، جو اس سے قبل 4.1 فیصد متوقع تھی۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور اسے بڑھا کر 8.4 فیصد تک کر دیا گیا ہے، جو پہلے 7 فیصد تھی۔
رواں مالی سال کے لیے بھی مہنگائی کا تخمینہ 6.3 فیصد سے بڑھا کر 7.2 فیصد کر دیا گیا۔آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی سے براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ ملک اپنی تقریباً 90 فیصد توانائی کی ضروریات اسی خطے سے پوری کرتا ہے۔
تیل اور گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے معیشت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی بڑھ کر جی ڈی پی کے 0.9 فیصد (تقریباً 5 ارب ڈالر) تک پہنچ سکتا ہے، جو اس سے پہلے 0.4 فیصد تھا۔
عالمی سطح پر بھی آئی ایم ایف نے معاشی ترقی کی رفتار میں کمی کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو عالمی معیشت کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے، جبکہ تیل کی قیمتیں 100 سے 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔
آئی ایم ایف نے حکومتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مالی نظم و ضبط بہتر بنائیں، اخراجات مؤثر بنائیں اور عالمی اقتصادی استحکام کیلیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
-
Sports2 weeks ago
Pakistan’s Asian Cup qualifying campaign ends with defeat – Sport
-
Sports1 week ago
Pakistan women to make FIFA Series debut in Ivory Coast – Sport
-
Today News2 weeks ago
بھارتی گانوں پر پابندی کا مطالبہ، ساحر علی بگا کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا
-
Today News2 weeks ago
اہم کھلاڑی معاہدے سے محروم
-
Magazines1 week ago
PRIME TIME: THE PROBLEM WITH MERI ZINDAGI HAI TU – Newspaper
-
Sports2 weeks ago
‘The World Cup curse’: Italy sheds tears after missing out again – Sport
-
Sports2 weeks ago
Italy’s football chief resigns after World Cup disaster – Sport
-
Magazines2 weeks ago
Story time: A kind heart – Newspaper